محکمہ موسمیات نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بحیرہ عرب سے آنے والا بارشوں کا سلسلہ 18 جون سے ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اور اسی دن مغربی علاقوں کی جانب آنے والا بارشوں کا سسٹم بھی شامل ہیں۔
گلگت بلتستان/کشمیر
16-17 جون: گرم اور خشک موسم۔
18-22 جون: کبھی کبھار وقفے وقفے کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش۔ وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقوں دیامر، سکردو، ہنزہ اور گلگت میں بھی اسی طرح کے موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خیبر پختونخوا
16-18 جون: جنوبی علاقوں میں موسم بہت گرم اور خشک۔
18 جون کی رات سے 22 جون: دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، کوہاٹ اور وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب/اسلام آباد
16-18 جون: بہت گرم اور خشک موسم۔
18 جون کی شام سے 22 جون: مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد/ راولپنڈی، لاہور اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان
16-18 جون: بہت گرم اور خشک موسم۔
20 اور 22 جون: کوئٹہ، ژوب، کوہلو، سبی اور نصیر آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ
17-20 جون: بہت گرم اور خشک موسم۔
21-22 جون: سکھر، جیکب آباد، کشمور اور لاڑکانہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان۔
موسم کی یہ پیش گوئی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شہری متوقع بارشوں کی وجہ سے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کی تیاری کر رہے ہیں۔ حکام لوگوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ موسم کی پیشگوئیوں سے باخبر رہیں اور اس کے مطابق اپنے سفر اور تقریبات کی منصوبہ بندی کریں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں موسلا دھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں
محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے آخر میں بھی بارش کے 2 سلسلے ملک میں داخل ہوں گے۔ پاکستان میں مون سون وقت سے پہلے بھی آسکتی ہے۔ اس سال مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ حکام نے دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر اطرف کی آبادیوں کو احتیاط کا انتباہ جاری کیا ہے۔
مزید پڑھیں
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ مون سون میں بارشیں معمول سے زیادہ برسنے کی پیشگوئی ہے۔ جولائی سے ستمبر کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ برکھا رت کی ممکنہ شدت کے باعث ملک کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
ممکنہ سیلابی ریلوں سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کی نشاندہی بھی کردی گئی، جی بی اور آزاد کمشیر میں فلیش فلڈنگ ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ کے پی کے میں دریائے کابل، دریائے سندھ اور دریائے سوات میں اوور فلو ہوسکتا ہے۔ ستلج راوی اور سندھ میں اونچے درجہ تک کا سیلاب آسکتا ہے جھل مگسی اور نصیر آباد متاثر ہو سکتے ہیں۔