سانگھڑ کی زخمی اونٹنی کے لیے مصنوعی ٹانگ کی مفت فراہمی کا اعلان

اتوار 16 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے شہری راجندرا نے ضلع سانگھڑ میں ٹانگ کاٹے جانے سے زخمی ہونے والی اونٹنی کے لیے مصنوعی ٹانگ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

’دی وائر پاکستان‘ کے مطابق اس دردمندانہ کوشش کا مقصد زخمی اونٹنی کی تکلیف کم کرنا ہے۔ بھارت کے شہری راجندرا کی جانب سے فراہم کردہ مصنوعی ٹانگ، سوموار 17 جون کو دبئی بھیج دی جائے گی۔

زخمی اونٹنی کراچی کے شیلٹر ہوم میں منتقل

سانگھڑ میں ٹانگ کاٹے جانے سے زخمی ہونے والی اونٹنی کو کراچی کے شیلٹر ہوم میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ بینجی پراجیکٹ شیلٹر کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز کے ساتھ لکھا گیا ہے ’ویلکم ہوم، کیمی۔‘

اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے الزام میں 5 ملزمان گرفتار

ایس ایس پی سانگھڑ اعجاز شیخ نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے الزام میں 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں سے 2 نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔ اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سندھ کے وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔

ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج

جمعہ 14 جون کو سانگھڑ میں ایک وڈیرے نے کھیت میں داخل ہونے والی اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی تھی جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا تھا کہ ملزمان اور اونٹنی کے مالک میں معاملات طے ہو گئے تھے۔ لیکن یہ اقدام ناقابل قبول ہے، اس لیے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وڈیرے کے ظلم کا شکار ہونے والی اونٹنی کے مالک کو دو اونٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دینا انسانیت نہیں۔

واقعہ کا پس منظر

سندھ کے ضلع سانگھڑ میں سنگدل وڈیرے نے تیزدھار آلے سے اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی تھی، جبکہ پولیس نے وڈیرے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔

سندھ کے ضلع سانگھڑ کے علاقے منڈ جمڑاؤ کے شہری سومربَھَن کے مطابق ان کا اونٹ ایک وڈیرے کی زرعی زمین پر چلا گیا تھا، جس پر وڈیرے نے ملازمین کے ہمراہ اونٹ پر تشدد کیا اور پھر تیز دھار آلے سے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی۔

سومربَھَن اونٹنی کی ٹانگ لے کر پریس کلب سانگھڑ پہنچ گیا تھا اور میڈیا کو بتایا کہ ظالم اور بااثر وڈیرے نے کس طرح زرعی زمین سے گزرنے پر بے زبان اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی، معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ وڈیرے کے خلاف درج کرنے کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا تھا۔

واقعہ سانگھڑ کے منگلی تھانے کی حدود منڈھ جمڑاؤ کے قریب پیش آیا ہے۔ وڈیرے کے ظالمانہ اقدام پر سوشل میڈیا صارفین شدید صدمے میں ہیں، اور مطالبہ کررہے ہیں کہ وڈیرے کو قانون کے کٹہرے میں لا کر اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp