اداکارائیں پاکستانی ہوں یا انڈین، اپنی عمر چھپانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں۔ بعض اداکارائیں تو کئی دہائیوں تک اپنی 20ویں سالگرہ ہی مناتی نظر آتی ہیں۔ تاہم اب پاکستانی اداکاراؤں نے عمر چھپانے کی روایت کو توڑتے ہوئے اپنی اپنی عمر کے بارے میں سب کو بتا دیا ہے۔
حال ہی میں چند پاکستانی اداکاراؤں نے پہلی بار کیمرے کے سامنے بتایا ہے کہ وہ کس دہائی میں پیدا ہوئیں۔ اداکاراؤں کی یہ ویڈیو وائرل بھی ہوگئی ہے۔
ہوا یوں کہ یہ اداکارائیں فلم ‘نابالغ افراد’ کے پریمیئر میں شریک تھیں جہاں یوٹیوبرز نے اداکاراؤں کو گھیر لیا اور ان سوال کیا کہ وہ کس دہائی میں پیدا ہوئی تھیں۔
چونکہ فلم نابالغ افراد کی کہانی 1990 کی دہائی کے واقعات کے گرد گھوتی ہے، لہٰذا یوٹیوبرز نے بھی ان اداکاراؤں سے پوچھا کہ وہ کس دہائی پیدا ہوئیں اور ان کا فلم کی کہانی سے کیا تعلق ہے؟
اداکاراؤں کی جانب سے اپنی پیدائش کی دہائی بتانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی تو صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ بعض صارفین نے تو کہہ دیا کہ اداکارائیں اپنی عمر سے متعلق جھوٹ بول رہی ہیں، یہ بڑی عمر کی لگتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں اداکارہ کومل میر نے اپنی عمر سے متعلق راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ 1970 کی دہائی میں پیدا ہوئیں، تاہم انہوں نے اپنی پیدائش کا سال نہیں بتایا۔ ان کے جواب سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ان کی عمر 50 سے 54 برس تک ہوسکتی ہے۔
کنزہ ہاشمی سے جب یہی سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کچھ دیر سوچنے کے بعد بتایا کہ وہ 1990 کی دہائی کی ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی عمر تقریبا 34 برس ہے۔
اداکارہ یشما گل نے بھی کہا کہ وہ 1990 کی دہائی کی ہیں۔ ہانیہ عامر نے بتایا کہ وہ 1980 کی دہائی کی ہیں، ان دونوں اداکارآں نے اپنی پیدائش کا سال نہیں بتایا۔
دوسری اداکاراؤں کی نسبت کبریٰ خان اس معاملے پر کافی بولڈ ثابت ہوئی اور اپنی پیدائش کی دہائی کے ساتھ ساتھ پیدائش کا سال بھی بتا دیا۔ کبریٰ خان نے دعویٰ کیا کہ وہ 1993 میں پیدا ہوئیں، یعنی اس حساب سے وہ 31 سال کی ہیں۔
اداکارہ آمنہ الیاس نے البتہ اس سوال پر کہا کہ خواتین سے ایسے سوال نہیں پوچھے جاتے لیکن بعد میں انہوں نے بھی اپنی پیدائش کی دہائی 1990 بتائی۔
بیشتر اداکاراؤں کی جانب سے اپنی پیدائش کی دہائی 1990 بتانے پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے اور کہا کہ یہ تمام اداکارائیں جھوٹ بول رہی ہیں، ان سب کی عمریں زیادہ ہیں۔