آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے سپر8 مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا، انگلینڈ نے 2 وکٹوں کےنقصان پر 18ویں اوور میں ہدف پورا کرلیا۔ ایونٹ کی میزبان اور ناقابل شکست ٹیم ویسٹ انڈیز کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ نے 8 وکٹوں سے شکست دی۔
انگلینڈ کی جانب سے ناقابل شکست اننگز اوپننگ بلے باز فل سالٹ نے کھیلی، انہوں نے 47 گیندوں پر 87 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسرے نمبر پر جونی بیرسٹو نے 26 گیندوں پر 48 رنز بنائے۔ کپتان جوس بٹلر 22 گیندوں پر 25 اور معین علی نے 10 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیتنے کے بعد بتایا کہ مارک ووڈ کو کرس جارڈن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان رومین پاول کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ہی ترجیح دیتے۔ تاہم ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا، جانسن چارلس نے 38، نکولس پورن اور کپتان رومین پاول نے 36، 36 رنز اسکور کیے، لیکن بلے باز بہتر بولنگ کرانے میں ناکام رہے آندرے رسل او روسٹن چیز نے صرف ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
شرفین رادرفورڈ نے 28 رنز اور برینڈن کنگ نے 23 رنز کی اننگز کھیلی، اس طرح ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 180 رنز اسکور کرسکی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیونگ اسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے سپر8 مرحلے کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے میزبان امریکا کو شکست دی تھی۔ واضح رہے ایونٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابھی تک ناقابل شکست رہی تھی۔