’مسلمان اسرائیل کی اکانومی کو نقصان پہنچاتے ہوئے‘

جمعرات 20 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیصل آباد میں مشروب ساز کمپنی کے ٹرک کو حادثہ پیش آیا، حادثے کے بعد ڈرائیور بوتلوں سے بھرا ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا جس کے بعد عوام کی بڑی تعداد بوتلیں اٹھا کر گھروں کو روانہ ہو گئی۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر صارفین کی جانب سے عوامی رد عمل پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ٹیچر ایجوکیٹر پنجاب کے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ بوتلوں سے لدے ٹرک کا ایکسیڈنٹ ہوا جس پر ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر بھاگ گیا، بعد میں  ہماری عوام کی نظر بوتلوں پر پڑی تو ساری بوتلیں اٹھائیں اور اپنے گھروں کو لے کر فرار ہو گئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بحیثیت قوم ہم کہاں کھڑے ہیں ؟

ایک صارف نے بوتلیں اٹھانے والی عوام پر تنقید کرتے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہم وہی لوگ نہیں ہیں جو دن رات کہتے نہیں تھکتے کہ اسرائیلی پروڈکٹس کا بائیکاٹ کیا جائے۔

عبدالشکور نامی صارف لکھتے ہیں کہ خوف کے باعث ڈرائیور بوتلوں سے بھرا ٹرک چھوڑ کر فرار ہو گیا اور عوام اس کو لوٹنے پہنچ گئی۔ انہوں نے لکھا کہ ویسے ہم سب پاکستانیوں نے اسرائیلی پراڈکٹ کوکا کولا کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے ۔

ایک ایکس صارف نے عوام کے کوکا کولا کی بوتلیں اٹھا کر فرار ہونے پر لکھا کہ فیصل آباد میں مسلمان یہودی پراڈکٹس بغیر پیسوں کے لے جا کر اسرائیل کی اکانومی کو نقصان پہنچاتے ہوئے۔

نصیر اعوان نے طنزاً لکھا کہ اگر یہ بوتلیں خالی ہوتیں توعوام وہ بھی اپنے ساتھ لے جاتی کہ یہ پانی سے بھر کر فریج میں رکھیں گے، یہ بوتلیں تو پھر ڈرنکس سے بھری ہیں اور ایسا موقعہ پھر کہاں ملے گا ان لوگوں کو۔

اطہر سلیم نے لکھا کہ ہماری عوام کی نظر بوتلوں پر پڑی تو ساری بوتلیں اٹھائی اور اپنے گھروں کو لے کر فرار ہو گئے۔ لیکن چور حکمران ہیں اور امریکہ یہ سب کروا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں کئی برینڈز کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے جن میں میکڈونلڈ اور کے ایف سی کے علاوہ کوکا کولا، نیسلے اور دیگر برانڈز بھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp