فاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام انصاف کو تبدیل کرنا سب کی ذمہ داری ہے،عدلیہ سے گزارش کروں گا کہ انصاف تول کر کریں، اٹک کچہری میں وکلا کا قتل ہمارے لیے ٹیسٹ کیس اور حکومت کے لیے چیلینج ہے،انصاف ہوگا بھی اور ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔
مزید پڑھیں
راولپنڈی میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڈ نے کہا کہ اٹک کچہری میں وکلا کا قتل ہمارے لیے ٹیسٹ کیس اور حکومت کے لیے چیلینج ہے، ہم کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کریں گے، وکلا کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار ہوچکا ہے، انصاف ہوگا بھی اور ہوتا ہوا نظر آئے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم نے جنگی بنیادوں پر فوجداری قوانین پر کام کیا ہے، فرسودہ نظام انصاف میں بہت سی اصلاحات ہونا ہیں اور سب کی ذمہ داری ہے کہ فرسودہ نظام انصاف کو تبدیل کریں، لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے کردار ادا کریں گے، فرسودہ نظام انصاف میں تبدیلی کے لیے بار کونسل سے بھی تجاویز لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وکلا دہشتگرد اور فساد پیدا کرنے والے نہیں ہیں، وکلا پر دہشتگردی کے پرچے درج کرانا عدلیہ کے شایان شان نہیں، عدالتوں سے گزارش کروں گا کہ وہ انصاف تول کر کریں، عدلیہ وکلا کو گلے سے لگا کررکھے، جب تک میں وزیر قانون کے عہدے پر ہوں، وکلا پر ایک بھی دہشتگردی کا مقدمہ نہیں ہوگا۔