منگل سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

پیر 27 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں ماہ 28 مارچ سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مغربی ہوائیں منگل سے ملک میں داخل ہوں گی جو 31 مارچ تک اپنا اثر دکھائیں گی۔

محمکہ موسمیات کے مطابق28 سے 31 مارچ کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 29 اور 30 مارچ کو جنوبی پنجاب اور سندھ میں بھی بادل برسیں گے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، باجوڑ، کرم، وزیرستان اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر اور شانگلہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد، خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور پنجاب میں چند مقامات پر درمیانی اور چند جگہوں پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ یکم اپریل کو ایک اور مغربی ہوائوں کی لہر ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی پیشگوئی بھی ہے۔ جس کے باعث خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ تیز بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

محمکہ موسمیات نے کہا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ راولپنڈی، لاہور اور پشاور میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔

گلیات اور دیگر پہاری علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp