لیو جیان چاؤ کی جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات، سی پیک کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ

جمعہ 21 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو جیان چاؤ نے جمعے کو جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں نے علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور سی پیک پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کے ایک اہم منصوبے سی پیک کے کامیاب نفاذ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

لیو جیان چاو نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان کامیاب ملاقاتوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی مہمان نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp