انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلہ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو7 رنز سے شکست دے کرسیمی فائنل کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔
مزید پڑھیں
جنوبی افریقہ کے 163 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز ہی بنا سکی۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جو درست ثابت نہ ہوا، انگلینڈ کو 15 رنزپر ہی پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب فل سالٹ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کی دوسری وکٹ 43 کے مجموعی اسکور پرگری جب جونی بیئرسٹو16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تیسری وکٹ 54 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان جوس بٹلرمحض 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 61 کے مجموعی اسکور پر گری جب معین علی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پانچویں وکٹ 139 کے مجموعی اسکور پر گری جب لیئم لیونگسٹون 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو گئے، چھٹی وکٹ 150 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہیری بروک 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، وہ انگلینڈ کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے۔
انگلینڈ کی طرف سے سیم کیوران نے 10 جب کہ جوفرا آرچر نے 1 رنز اسکور کیا اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اوٹنیل بارٹ مین اور اینریچ نورٹجے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلہ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا تھا، جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورزمیں 6 وکٹوں کے نقصان پر 8.5 رنز فی اوورز کی اوسط سے 163 رنز اسکور کیے۔
جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ86 کے مجموعی اسکور پر گری جب ریزا ہینڈرکس19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ 92 کے مجموعی اسکور پر گری جب کوئنٹن ڈی کوک انتہائی عمدہ کھیلتے ہوئے 65 رنزآؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ 103 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہینرک کلاسن 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، چوتھی وکٹ 113 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایڈین مارکرم 1 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 155 کے مجموعی اسکورپر گری جب ڈیوڈ ملر 43 رنزکی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، چھٹی وکٹ 155 کے مجموعی اسکور پر گری جب مارکو جانسن صفر پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ٹرسٹن اسٹبس نے 12 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے جب کہ کیشو مہاراج نے 5 رنز اسکور کیے۔
انگلینڈ کی طرف سے جوفرا آرچر نے 3 جب کہ معین علی اور عادل راشد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سپر 8 مرحلہ کا دونوں ٹیمیں اپنا دوسرا میچ ڈیرن سیمی کرکٹ اسٹیڈیم، گروس آئیلیٹ میں کھیلا گیا، دونوں ٹیموں نے سپر8 مرحلہ کے پہلے راؤنڈ کا اپنا پہلا میچ جیت رکھا تھا۔ جنوبی افریقہ نے امریکا کو شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔
ٹاس کے بعد جوس بٹلر نے کہا کہ وہ ایک بار پھر ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تازہ وکٹ اچھی پچ لگتی ہے اس لیے ہم نے ایک اور ہدف کا تعاقب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممکنہ طور پر پچ میں تھوڑی نمی ہوگی اور مجھے یقین ہے کہ گیند ہوا میں سوئنگ کرے گی۔
دریں اثنا ایڈن مارکرم نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو وہ بھی بولنگ ہی کرتے، ہم کوشش کریں گے کہ بورڈ پر اچھا اسکور بنایا جائے اور اس کے بعد انگلینڈ کو ایک مشکل ٹارگٹ فراہم کیا جائے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جبکہ پروٹیز نے تبریز شمسی کی جگہ اوٹنیل بارٹ مین کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔
انگلینڈ کی ٹیم میں جوس بٹلر (کپتان)، فل سالٹ، معین علی، جونی بیئرسٹو، ہیری بروک، لیام لیونگ سٹون، سیم کرن، جوفرا آرچر، عادل رشید، مارک ووڈ اور ریس ٹاپلے شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کوئنٹن ڈی کاک (وکٹ کیپر)، ریزا ہینڈرکس، ایڈن مارکم (کپتان)، ٹرسٹن اسٹبز، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جینسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اوٹنیل بارٹمین اور اینرک نورٹجے شامل ہیں۔