بعض اوقات ہمارے گھروں میں ایسی چیزیں موجود ہوتی ہیں جو بازار سے خریدے گئے مصنوعی مشروبات کا اچھا متبادل ہوسکتی ہیں اور انہی میں سے ایک چیا کے بیج ہیں۔
سیاہ اور سفید رنگ پر مشتمل چیا کے دانے مختلف غذائی اجزا اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہوتے ہیں اور انہیں گرمی کو شکست دینے اور وزن میں کمی لانے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
گرمیوں کی صبح کا آغاز اگر چیا کے دانوں سے کیا جائے تو شدید گرمی میں ہونے والی تھکاوٹ اور پانی کی کمی کو دُور کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے استعمال کرنے سے مصنوعی ذائقے والے پھلوں کے جوس کا سہارا لینے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی جنہیں محفوظ کرنے کے لیے طرح طرح کے کیمیکلز کا استعمال کیا جاتا ہے۔
چیا کے بیج وزن میں کمی، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کم کرنے اور ہاضمے کو بہتر بناتے ہیں۔
سخت قسم کی ورزش سے پہلے یا بعد میں چیا کے بیجوں کا استعمال اچھا ثابت ہوسکتا ہے۔ اپنے دن کی تازہ اور صحت مند شروعات کے لیے ان بیجوں کو باقاعدہ صبح کا مشروب بھی بنایا جاسکتا ہے۔
شہد، لیمن اور چیا کے بیجوں کا مشروب
شہد، لیمن اور چیا کے بیجوں کا مشروب، گرمیوں میں وزن کم کرنے والے مشروب کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بنانے کا طریقہ
ایک گلاس میں 4 سے 5 آئس کیوبز ڈالیں۔
پھر اس میں تازہ لیموں کا رس نچوڑ لیں۔
ایک چمچ بھیگے ہوئے چیا کے بیج ڈالیں۔
تھوڑا سا شہد اور پانی ڈال کر مکس کرلیں اور یوں یہ طاقتور جوس تیار ہے۔