ٹی20 ورلڈ کپ 2024 : انگلینڈ نے امریکا کو 10وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

اتوار 23 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر8 مرحلے میں انگلینڈ نے امریکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، انگلینڈ نے امریکا کا 116 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 9.4 اوورز میں ہی پورا کر لیا۔

مزید پڑھیں

انگلینڈ نے ٹاس جیت کرامریکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جس پر امریکا کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 115 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جواب میں انگلینڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کپتان جوس بٹلر نے امریکی بولرز کی ایک نہ چلنے دی انہوں نے انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 83 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ نے بھی جوس بٹلر کا بھرپور ساتھ دیا، انہوں نے بھی 25 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم امریکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو امریکا کی پوری ٹیم 115 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، امریکا کی پہلی وکٹ 9 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ینڈریس گوس 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ 43 کے مجموعی اسکور پر گری جب اسٹیون ٹیلر12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تیسری وکٹ 56 کے مجموعی اسکور پر گری جب آرون جونز 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

امریکا کی چوتھی وکٹ67 کے مجموعی اسکور پر گری جب نتیش کمار30 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، پانچویں وکٹ، پانچویں وکٹ 88 کے مجموعی اسکور پر گری جب ملند کمار 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، چھٹی وکٹ 115 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہرمیت سنگھ21 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئے، امریکا ساتویں وکٹ بھی 115 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب کوری اینڈرسن 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

امریکا کی اننگز کی دلچسپ بات یہ رہی کہ 115 کے مجموعی اسکور پر اس کے 3 کھلاڑی صفر پر بولڈ ہوئے، صفر پر بولڈ ہونے والے کھلاڑیوں میں علی خان، نوتھوش کینجیج، سوربھ نیتراولکر شامل ہیں جب کہ شالک وِک کی شیڈلی بھی کوئی رنز نہ بنا سکے، وہ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی طرف سے کرس جارڈن نے سب سے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے امریکا کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سیم کیوران اور عادل راشد نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ریس ٹوپلی اور لیام لیونگ اسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بارباڈوس کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ 2 میں سپر8 کا یہ میچ انگلینڈ اور امریکا دونوں کے لیے میچ انتہائی اہم تھا، انگلینڈ کوٹورنامنٹ کے سپر8 مرحلے میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے نا صرف یہ میچ جیتنا ضروری تھا بلکہ اسے ایک بڑے مارجن سے بھی جیتنا تھا۔

گروپ2 میں اس وقت تک امریکا اور انگلینڈ دونوں ایک ایک میچ ہار چکی تھیں، امریکا کو آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ انگلینڈ کو جنوبی افریقا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انگلینڈ نے امریکا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp