وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
انہوں ںے ہدایت کی کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کے لیے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اہم اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اسلام آباد ماڈل جیل، اسلام آباد سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اسلام آباد قومی سہولت مراکز، منشیات اور دھماکہ خیز مواد کی شناخت و نشاندہی و ٹریسنگ کے لیے قائم شدہ K-9 یونٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کی اور کہاکہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل پرزن میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور اسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فرانزک لیب تعمیر کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے کہاکہ اسلام آباد میں تمام سیکیورٹی منصوبوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتیاں اور بین الاقوامی معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔