پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) نے اتوار کو پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش کے بعد انتباہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک میں مون سون سیزن کا آغاز ہو گیا ہے اور اس دوران موسلا دھار بارشیں ملک میں سیلاب، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بن سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے رواں سال مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کے بعد پنجاب حکام کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جولائی سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
جولائی کا پہلا ہفتہ
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں 15 ملی میٹر سے 55 ملی میٹر تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش کی شدت اور دورانیہ نسبتاً کم رہنے کا امکان ہے۔
جولائی کا دوسرا ہفتہ
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق جولائی کے دوسرے ہفتے میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں مون سون کی بارشیں جاری رہیں گی جہاں 25 سے 35 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
جولائی کا تیسرا ہفتہ
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایڈوائزری کے مطابق جولائی کے تیسرے ہفتے میں بالائی پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ مون سون کے کمزور مرحلے میں داخل ہونے سے وسطی اور جنوبی پنجاب میں بارشوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں 15-25 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔
جولائی کا چوتھا ہفتہ
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق جولائی کے چوتھے ہفتے میں راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویژن میں 50 سے 70 ملی میٹر تک موسلادھار بارشوں کے باعث سیلاب کا امکان ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ ساہیوال، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی درمیانے درجے کی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے معمول سے زیادہ بارشوں کے ممکنہ اثرات کے بارے میں بھی خبردار کیا ہے جس سے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے جس کی وجہ سے ندی نالوں اور حساس علاقوں میں سیلاب آنے کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور سلیمان رینج کے حساس علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
اس سے صوبے بھر کے حساس شہری علاقوں میں بھی سیلاب آ سکتا ہے جبکہ مری کے کچھ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دھول مٹی کے طوفان، آندھی اور تیز بارشوں سے بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز، بورڈز، اونچے درختوں اور زیر تعمیر عمارتوں جیسے کمزور ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
چین میں شدید طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری
ادھر چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے بھی شدید ترین بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے اتوار کی صبح بلیو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
چین کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اتوار سے پیر کی صبح تک انہوئی، شنگھائی، ژی جیانگ، جیانگسی اور فوجیان سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مقامی حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خطرناک حد تک کے وولٹیج کمی کریں اور کھلے علاقوں میں آؤٹ ڈور آپریشنز معطل کردیں۔
چین کے میڈیا کے مطابق جیلن، لیاؤننگ، ہیبی، شانڈونگ، انہوئی، شنگھائی، ہنان، جیانگسی اور ژی جیانگ کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔