تمام اقدامات کر لیے ہیں،غیر ملکیوں سمیت عام شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے، آئی جی اسلام آباد

پیر 24 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد وفاقی دارالحکومت سے جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کروائی ہیں جس کے نتیجے میں کرائم انڈیکس میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد شہر میں شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے، شہریوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے، پولیس افسران کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں، جس سے پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوا ہے اور پولیس کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

ان اصلاحات میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے شہریوں کو جامع خدمات کی فراہمی کے لیے پولیس خدمت مرکز کو 24 گھنٹے چلانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے شہریوں کو دہلیز پر تمام خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک پولیس موبائل سروس وین کا بھی آغاز کر دیا ہے اور بزرگ شہریوں اور طلباکی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس سروس اور تعلیمی وین کا بھی افتتاح کیا ہے، جس سے وہ اپنی رہائش گاہوں اور تعلیمی اداروں میں آسانی سے لرنر پرمٹ اور دیگر خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔

اسلام آباد کی مارگلہ پہاڑیوں اور ملحقہ ٹریلز کا دورہ کرنے والے سیاحوں اور مقامی شہریوں کی حفاظت اور ان کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی مارگلہ ٹریلز پٹرول کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نے ڈولفن اسکواڈ اسلام آباد کی تنظیم نو کی اور اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے اور ملزمان کی موثر گرفتاری کے لیے ڈولفن ایمرجنسی رسپانس یونٹ میں نوجوان پولیس افسران کو تعینات کیا ہے۔ خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد، گھریلو تشدد، اور معاشرے کے کمزور طبقوں کے تحفظ کے لیے ایک آن لائن ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن اور ایک مخصوص ہیلپ لائن ، 1815 قائم کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے اور جرائم پیشہ عناصر کا مقابلہ کرنے کے لیے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ابابیل اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کو فعال کردیا گیا ہے۔ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے ، اضافی 140 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے چینی حکام سے ملاقات کی ہے اور انہیں اسلام آباد پولیس کی جانب سے چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔

عید الاضحیٰ کے دوران آئی جی اسلام آباد نے غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کا حکم دیا تھا، شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ عید منائی اور مسلسل 3 روز تک افسران کے ساتھ تمام سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی، افسران میں عید کے تحائف بھی تقسیم کیے۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ امن و سلامتی کسی بھی قوم کی سماجی و معاشی خوشحالی اور سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کمیونٹی پولیسنگ اور جرائم کی روک تھام کے ذریعے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے معاشرے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp