’نابالغ افراد‘ کو بالغوں نے کتنا پسند کیا؟

پیر 24 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عید الاضحیٰ کے موقع پر ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم ’نابالغ افراد‘  سینما گھروں کی زینت بنی۔ 90ء کی دہائی کے پس منظر میں بنی اس رومانوی اور مزاحیہ فلم کو ’نابالغ‘ ہی نہیں بلکہ ’بالغ‘ فلم بینوں نے بھی پسند کیا ہے۔

فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی نے گزشتہ ماہ کے اختتام پر انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ ’نابالغ افراد‘ کو عید پر ریلیز کیا جائے گا، فلم کو نبیل قریشی نے ازائم الفریزہ کے ساتھ مل کر پروڈیوس کیا ہے اور اسے اپنے ہی پروڈکشن ہاؤس ’فلم والا پکچر‘ کے بینر تلے ریلیز کیا ہے۔

اس فلم کا ٹیزر عید الاضحیٰ سے چند روز قبل ریلیز کیا گیا تھا، جسے شائقین نے پسند کیا تھا۔ مختصر دورانیے کے ٹیزر میں صرف عاشر وجاہت اور ثمر جعفری کے کرداروں کو دکھایا گیا تھا جس سے فلم کی کہانی سمجھنا خاصا مشکل مگر فلم دلچسپ نظر آرہی ہے۔

’نابالغ افراد‘کی کاسٹ میں عاشر وجاہت، ثمر جعفری اور رمحہ احمد سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ فلم کی آدھی کاسٹ میں 15 سے 25 سال کے نوجوان ہیں جبکہ نصف کاسٹ سینیئر اداکاروں پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ احتشام الدین، معراج سلیم، مانی، راشدہ تبسم اور فائزہ احسن سمیت دیگر اداکاروں نے بھی اس فلم کو چار چاند لگائے ہیں۔

اس رومانوی مزاحیہ فلم کی کہانی 1990 کی دہائی کے گرد گھومتی ہے جس میں اسکول جانے والے 2 لڑکوں اور ان کے استاد نے مل کر ایسی کھچڑی پکائی ہے کہ فلم بین اس کے دیوانے ہوگئے ہیں اور بیشتر سوشل میڈیا صارفین دوسروں کو بھی سینیما میں جاکر یہ فلم دیکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Nabeel Qureshi (@nabqur)

صارف فزی نے سوشل میڈیا پر لکھا، ’نابالغ افراد پاکستان میں 90ء کی دہائی کے پس منظر میں بنائی گئی حیرت انگیز اور مزاحیہ فلم ہے، جو بہت پسند آئی، فلم کی پروڈکشن اور کہانی بہترین تھی، سینیما گھروں میں جائیں اور یہ فلم ضرور دیکھیں۔‘

مصطفیٰ بلوچ کا کہنا تھا، ’اس فلم نے ثابت کیا ہے کہ لو بجٹ فلمیں دوسری فلموں سے بہتر ہیں۔‘

محمد بلال مزمل نے کہا، ’بالاآخر ایک فلم فہد مصطفیٰ کے بغیر بھی آئی۔‘

دوسری جانب، بعض شائقین نے یہ فلم دیکھ کر مایوسی کا اظہار بھی کیا ہے۔ صارف علی بٹ نے کہا، ’پیسے اور وقت کا ضیاع۔‘

مانی نظامی نے کہا، ’کہانی بے کار ہے۔‘

عاصم خان نے مشورہ دیا، ’اپناے پیسے ضائع نہ کرو فالتو فلموں پر۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp