بے دست و بازو زہرہ عباس، ہمت کی ایک متاثر کن کہانی

منگل 25 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دونوں ہاتھوں سے محروم زہرہ عباس نے معذوری کو مجبوری نہیں بنایا بلکہ ہتھیار بنایا۔
گلگت بلتستان کے ضلع نگر سےتعلق رکھنے والی زہرہ عباس بچپن میں بجلی کا کرنٹ لگنے کی وجہ سے دونوں ہاتھوں سے محروم ہوگئی۔

زہرہ عباس نے بتایا کہ ’جب اللہ تعالی انسان سے ایک نعمت چھین لیتا ہے تو اسے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازتا ہے۔ اب بھی میں اپنی زندگی نارمل انسان کی طرح گزارتی ہوں۔ میں فرسٹ ایئر کی طالبہ ہوں، گھر کا کام ہو یا اسکول کا کام، میں خود کرتی ہوں۔ سارا کام میں اپنے پاؤں سے کرتی ہوں۔اکثر لوگ مجھے دیکھ کر حیران ہوتے ہیں کہ پاؤں سے کیسے کام کرتی ہو؟ مگر اللہ تعالی نے مجھے صلاحیت دی ہے، میں اپنے پاؤں سے پینٹنگ کرتی ہوں اور کپڑے بھی سلائی کرتی ہوں اور گاڑی بھی چلاتی ہوں۔ میں عام لوگوں کی طرح زندگی گزار رہی ہوں۔‘

انہوں نے مزید بتایا ‘پہلے میں اپنے گھر میں کام کرتی تھی، اب میں معذوروں کے لیے بنائے گئے ادارے دارالہنر میں ہوں اور لڑکیوں کو ٹریننگ بھی دیتی ہوں۔’

زہرہ عباس نے کہا کہ دارالہنر کی چیئرپرسن تسنیم زہرہ خود بھی ڈیفرنٹلی ایبل پرسن ہیں جنہوں نے یہ اداارہ ہم جیسے افراد کے لیے ادارہ بنایا اور ہمیں ہنر سکھایا اور اس قابل بنایا کہ ہم بھی دوسرے لوگوں کی طرح اپنی زندگی جی سکیں اور کسی پر بوجھ نہیں بلکہ گھر والوں کے لیے بھی  مددگار ثابت ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں بھی چاہتی ہوں کہ میں مستقبل میں معذوروں کے لیے کام کروں۔ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کیونکہ میری کامیابی پر مجھے کئی ایوارڈز اور انعام بھی ملے ہیں۔ میں معذوری کو کمزوری نہیں سمجھتی بلکہ یہ ہماری طاقت ہے۔’

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp