ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلادیش کو شکست، افغانستان پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچ گیا

منگل 25 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کا 52واں اہم ترین میچ بنگلا دیش اور افغانستان کے درمیان کنگز ٹاؤن میں کھیلا گیا، افغانستان نے بنگلادیش کو 8رنز سے شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے، سیمی فائنل میں اب افغان ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا جبکہ آسٹریلیا اور بنگلادیش ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں۔

افغانستان نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 116رنز کا ہدف دیا، بارش کے باعث ڈک ورتھ لوئس کے تحت ہدف کو 19اوورز میں 114 رنز تک محدود کیا گیا، جواب میں بنگلا دیش کی ٹیم 17.5 اوورز میں 105رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

 بنگلا دیش کو ہرا کر افغانستان تاریخ میں پہلی بار کسی بھی ٹورنامنٹ کا سیمی کھیلنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا

افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے، رحمٰن اللّٰہ گرباز سب سے زیادہ 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کپتان راشد خان 19، ابراہیم زدران 18 اور عضمت اللّٰہ عمر زئی 10 رنز بنا سکے۔

بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3، مستفیض الرحمان اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلادیش کے لٹن داس 54 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کے راشدخان نے 23 رن دے کر 4 جبکہ نوین الحق نے 26 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے گروپ ون کے اہم میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp