’افغانستان پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرے کیونکہ وہ بنگلا دیش کو سپورٹ کررہے تھے‘

منگل 25 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو 8 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، افغانستان نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 116 رنز کا ہدف دیا تھا مگر بنگال ٹائیگرز 105 رنز ہی بناسکے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔ احمد منصور لکھتے ہیں کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں افغانستان سیمی فائنل میں شیروں اور دلیروں کی طرح پہنچا ہے، جس نے بنگلا دیش کو میچ کے آخری لمحات میں دلچسپ طریقے سے ہرا دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی پوری ٹیم متحد نظر آئی، اس میں نہ کوئی گروپنگ تھی، نہ حسد اور نہ ہی کسی کا مورال ڈاؤن تھا۔

ایک صارف نے افغانستان کے کھلاڑیوں کی بیٹنگ کرتے ہوئے دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس میں کھلاڑی رنز لیتے ہوئے ایک ہی سمت میں بھاگتے نظر آئے۔ صارف نے ویڈیو پر مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ کھلاڑی کریز پر آنے کے لیے ایک دوسرے کے خلاف ہی دوڑ لگانے کی کوشش کر رہے تھے۔

حبیب خان لکھتے ہیں کہ افغانستان اور بنگلا دیش کا میچ کسی ڈرامے یا فلم سے کم نہیں تھا، پہلے وکٹیں گرتی ہیں، پھر چوکے لگتے ہیں۔

ماریہ راجپوت لکھتی ہیں کہ چند سال قبل راشد خان نے کہا تھا کہ جب افغانستان ورلڈ کپ جیتے گا میں تب شادی کروں گا، اس وقت یہ بات غیرحقیقی تھی لیکن اب چیزیں افغانستان کے حق میں ہیں اور وہ تاریخ بنانے کے بہت قریب ہیں۔

ایک ایکس صارف نے طنزاً لکھا کہ افغانستان کے لوگوں کو پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کیونکہ آج پاکستانی عوام بنگلا دیش کو سپورٹ کر رہی تھی۔

واضح رہے کہ افغانستان کی فتح سے آسٹریلیا ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔ اب سیمی فائنل میں افغانستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ بھارت کے مدمقابل ہوگا۔

خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلا سیمی فائنل 27 جون کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھی 27 جون کو ہوگا جو گیانا میں انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp