میچ کے دوران افغان کھلاڑی گلبدین نائب کھڑے کھڑے کیوں گرے؟ نئی بحث چھڑ گئی

منگل 25 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افغانستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

میچ کئی مرتبہ بارش کی وجہ سے روکنا بھی پڑا تاہم قسمت افغان ٹیم کے ساتھ نظر آئی اور بارش سے کئی مرتبہ متاثر ہونے والے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 17.5 اوورز میں 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی جیت پر جہاں کئی شائقین ان کو مبارکباد دیتے اور بولرز کی تعریف کرتے نظر آئے وہیں چند صارفین نے افغانستان کی جیت پر سوال بھی اٹھا دیے۔ سوشل میڈیا پر افغانستان کی ٹیم کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹراٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی جارہی ہے جس میں وہ اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ’سست روی‘ سے کھیلنے کا اشارہ کرتے ہیں۔

جوناتھن ٹراٹ کے اشارے کے بعد  گلبدین نائب اچانک میدان میں گر جاتے ہیں اور میچ تھوڑی دیر کے لیے روک دیا جاتا ہے۔ ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ گلبدین نائب کو ان کی پرفارمنس پر آسکر ایوارڈ ملنا چاہیے۔

ایک صارف نے لکھا کہ گلبدین نائب کو 10.01 بجے چلنے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی جبکہ 10.34 بجے جب افغانستان جیت گیا تو وہ سب سے تیز دوڑ رہے تھے۔

سپورٹس جرنلسٹ عمران صدیقی لکھتے ہیں کہ بنگلادیش نے بارش سے پہلے 81 رنز بنائے اور وہ افغانستان کے برابر اسکور کرنے سے صرف 2 رنز پیچھے تھے اور گلبدین نائب نے ڈی ایل ایس پر بنگلادیش کی فتح سے بچنے کے لیے ایسا کیا۔ یہ افغانستان کی طرف سے دھوکا ہے اور ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بار دھوکا دینے والا ہمیشہ دھوکا دیتا ہے۔

ایک انڈین ایکس صارف نے طنزاً لکھا کہ بنگلادیش سے فتح حاصل کرنے کے بعد گلبدین نائب جشن مناتے ہوئے پوری ٹیم سے تیز دوڑ رہے ہیں۔

 انڈین کرکٹر روی چندرن اشون نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ گلبدین نائب کو ریڈ کارڈ دینا چاہیے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ افغانستان کے کھلاڑیوں نے کئی بار تاخیری حربے استعمال کیے تاکہ میچ پورا نہ ہوسکے کیونکہ اس طرح افغانستان کو ایک پوائنٹ مل جاتا اور وہ سیمی فائنل میں آرام سے جگہ بنا سکتی تھی اور اسی وجہ سے ڈریسنگ روم سے کھلاڑیوں کو تاخیر سے کام لینے کے اشارے مل رہے تھے اور پھر ایسا ہی ہوا، گلبدین نائب شاندار ایکٹنگ کرتے ہوئے گر پڑے اور میچ تاخیر کا شکار ہو گیا۔

واضح رہے کہ افغانستان کی فتح سے آسٹریلیا ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔ اب سیمی فائنل میں افغانستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ بھارت کے مدِمقابل ہوگا۔

خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلا سیمی فائنل 27 جون کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھی 27 جون کو ہوگا جو گیانا میں انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp