ملک بھر میں بارشوں کا آغاز کب سے ہوگا؟

منگل 25 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے دیگر شہروں کی طرح اسلام آباد میں بھی ہیٹ ویو کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کچھ شہروں میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کی روزمرہ کی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

پاکستان میں مختلف شہروں کے گزشتہ ہفتے کے درجہ حرارت کی بات کی جائے تو گزشتہ ہفتے اوسط درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 40 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں شدید گرمی کی شروعات مئی سے ہوئی۔ جس کے بعد جون میں اس گرمی کی شدت نے مزید زور پکڑا اور مختلف شہروں میں ہیٹ ویوز محسوس کی گئیں۔ جون کا یہ آخری ہفتہ چل رہا ہے اور گرمی کی شدت اسی طرح سے برقرار ہے۔

موسمی اعتبار سے رواں ہفتہ کیسا رہے گا؟

رواں ہفتے موسم کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان محکمہ موسمات کا کہنا تھا کہ 26 جون کو بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے مشرقی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جبکہ ہوا کا کم دباؤ بھارتی گجرات کے جنوب میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس موسمی نظام کے زیر اثر ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 26 جون سے یکم جولائی تک ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مون سون کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس سے بارشوں کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔

احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 28 سے 30 جون تک بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گجرانوالہ اور نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp