’ارشدیپ نے وہی کیا جو عرفان پٹھان نے کیا تھا‘ انضمام الحق کے الزام پر صارفین کے تبصرے

بدھ 26 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر و کپتان انضمام الحق نے ٹی20 ورلڈکپ میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ پر بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کردیا۔

نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 8 راؤنڈ میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے 15ویں اوور میں ارشدیپ سنگھ گیند کو ریورس سوئنگ کررہے تھے۔

 ان کا کہنا تھا کہ نئی گیند اتنی جلدی ریورس نہیں ہوتی اس کا مطلب ہے کہ گیند 12 ویں یا 13ویں اوور تک ریورس سوئنگ کے لیے تیار تھی۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ امپائرز کو ان چیزوں میں آنکھیں کھلی رکھنی ہوں گی۔

اس موقع پر فکسنگ کے الزام میں سزا یافتہ پاکستان کے سابق کپتان سلیم ملک نے کہا کہ اگر ارشدیپ 15ویں اوور میں گیند ریورس کررہے ہیں تو اس کا مطلب صاف ہے کہ بال کے ساتھ چھیڑخانی کی گئی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب کچھ ٹیموں کی بات آتی ہے تو آنکھیں بند رکھی جاتی ہیں اور انڈیا ان ٹیموں میں سے ایک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی بولرز گیند کو ریوس سوئنگ کردیتے تو ہنگامہ برپا ہوجاتا۔

انضمام الحق کے اس بیان پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، ایک بھارتی صارف نے کہا کہ انضمام الحق نے بھارتی کھلاڑی پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا کوئی ثبوت نہیں دیا۔ صارف نے مزید کہا انضمام الحق نے ایسا اس لیے کہا کیونکہ وہ بھارتی فاسٹ بولر کی کامیابی کو ہضم نہیں کر سکے۔

ایک صارف نے انضمام الحق کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں پاکستان کا مقابلہ انڈیا سے ہے اور پاکستان بیٹنگ کر رہا ہے صارف نے کہا کہ ارشدیپ نے وہی کیا جو عرفان پٹھان نے پاکستان کی فلیٹ پچز پر کیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کے ہاتھوں آسٹریلوی ٹیم کو 24 رنز سے شکست ہوئی تھی اور بنگلادیش کی افغانستان کے ہاتھوں ہار کے بعد کینگروز کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp