ایرانی شہری راتوں رات امیر بننے کے جنون میں کیوں مبتلا ہوگئے؟

بدھ 26 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران میں آج سے ایک دن بعد (بروز جمعہ) صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں، یہ انتخابات سابق صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کی وجہ سے ہورہے ہیں۔

صدراتی امیدوار ملکی معیشت بحال کرنے اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے وعدے کر رہے ہیں مگر ایرانی شہری انتخابی وعدوں پر دھیان دینے کی بجائے اسمارٹ فون کی ایپ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

ایک عجیب منظر دیکھنے میں آرہا ہے۔ جہاں کہیں بھی نظر پڑتی ہے، لوگ اپنے اسمارٹ موبائل فون پر کھوئے ہوئے دکھائے دیتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسمارٹ فون کی اسکرین پر اپنی انگلیاں گھمانے والے ایرانی شہریوں کو یقین ہے کہ بس اب کچھ ہی پل کی بات ہے، پھر ان کی دنیا بدل جائے گی اور وہ امیر ترین بن جائیں گے۔

فون کی اسکرین پر انہیں قارون کا جو خزانہ دکھائی دے رہا ہے وہ ایک ایپ ہے جس کا نام ہیمسٹر کومبیٹ (Hamster Kombat) ہے، اس کا تعلق بظاہر کرپٹو کرنسی سے ہے۔

ایرانی امور کے ایک ماہر اور میان گروپ کے ڈیجیٹل رائٹس اینڈ سیکیورٹی کے ڈائریکٹر عامر راشدی کہتے ہیں کہ اس چھوٹی سی امید پر بھروسہ کہ کسی دن آپ کی قسمت چمک اٹھے گی، مایوسی کی علامت ہے۔

ایرانی ہیمسٹر کومبیٹ تک رسائی، میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ذریعے کرتے ہیں، یہ ایک طرح کا کلک کرنے والا کھیل ہے، گیم کھیلنے والے کو کسی چیز پر بار بار کلک کرنا پڑتا ہے جس کے بدلے میں پوائنٹس ملتے ہیں، اس گیم میں مختلف مراحل طے کرنے ہوتے ہیں۔

گیم کھیلنے والے کو یقین ہوتا ہے کہ وہ یہ گیم جیت لے گا جس کے بدلے میں اسے کرپٹو کرنسی مل جائے گی، دلچسپ بات یہ ہے کہ کھیل میں ایک ایسی کرپٹو کرنسی کی پیش کش کی گئی ہے جس کا ابھی تک عمومی لین دین شروع نہیں ہوا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایران کی معیشت زوال پزیر ہے جس کے باعث شہری صدارتی انتخابات میں دلچسپی نہیں لے رہے، عالمی طاقتوں سے جوہری معاہدے کے وقت ایرانی ریال کی ایک امریکی ڈالر سے تبادلے کی شرح 32 ہزار ریال تھی جو اب 58 ہزار ایرانی ریال تک گر چکی ہے، اسی تناسب سے لوگوں کی بینکوں میں جمع رقوم کی قدر میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp