پاکستان تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں کے کیس میں فریق بننے کے لیے درخواست دائر

بدھ 26 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مخصوص نشستوں کے کیس میں فریق بننے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے فل کورٹ میں پارٹی بننے کی درخواست جمع کرائی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں ہمیں فریق بنایا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کی اپیلوں کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف پر الزامات لگائے جو حقائق کے برعکس ہیں۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں سے محروم رکھا گیا، اور مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں الیکشن کمیشن نے تقسیم کردیں۔

درخواست گزار نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کےلیے سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف اہل ہیں، مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دینا غیر آئینی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں کےلیے سنی اتحاد کونسل فہرست دینے کے لیے تیار ہے، پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کی فہرست دینے کی اجازت نہیں دی گئی۔

’سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف کی سیٹیں دیگر سیاسی جماعتوں میں بانٹنا عوام کی منشا کے خلاف ہوگا‘

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف کی سیٹیں دیگر سیاسی جماعتوں میں بانٹنا عوام کی منشا کے خلاف ہوگا، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار دیگر 13 سیاسی جماعتوں کا حصہ نہیں بننا چاہتے تھے۔

درخواست گزار نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف کے درمیان اتحاد ہے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل تحریک انصاف کے حمایت یافتہ تھے اور حامد رضا حلقہ 104 سے کامیاب ہوئے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق آرٹیکل 51 واضح نہیں کرتا کہ آزاد امیدواروں کو ایک سے زیادہ سیٹیں جیتنے والی سیاسی جماعتوں میں ہی ضم ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق فل کورٹ سماعت کررہا ہے، دوسری جانب وفاقی حکومت نے عدالت عظمیٰ میں جواب جمع کراتے ہوئے استدعا کی ہے کہ سنی اتحاد کونسل کی درخواست خارج کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp