فواد چوہدری بھگوڑے ہیں ان کی بات کا کیا جواب دوں؟ پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز

جمعرات 27 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے اس بات کی تردید کہ ہے کہ امریکی ’ہاؤس آف ریرپریسینٹیٹیوز‘ میں پاکستان کے عام انتخابات میں دھاندلی کی مذمت کے حوالے سے پاس ہونے والی قرارداد کے لیے پی ٹی آئی نے کوئی لابنگ کی تھی۔

میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات تو ساری دنیا پر واضح ہے کہ پاکستان میں انتخابات کس طرح ہوئے ہیں حتیٰ کہ پاکستانی بھی یہی کہہ رہے ہیں باقی امریکا نے جو اتنی اکثریت کے ساتھ یہ قرارداد پاس کی ہے تو یہ اس کی مہربانی ہے۔

شبلی فراز سے پوچھا گیا کہ کیا مذکورہ قرارداد کے لیے پی ٹی آئی نے کوئی لابنگ کی تھی تو انہوں نے کہا کہ نہیں کوئی لابنگ نہیں کی بلکہ ہمیں تو خود اب پتا چلا ہے کہ اس طرح کی کوئی قرارداد منظور ہوئی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ جب دنیا پاکستان کے انتخابات کو اس نظر سے دیکھ رہی ہے تو پھر پاکستانی حکومت اور پارلیمنٹ کی کیا وقعت رہ جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب دنیا ہمیں کیوں سیریس لے گی اور کیوں سنجیدہ معاہدے کرے گی۔

شبلی فراز نے کہا کہ امریکا جمہوریت کے اعتبار سے خود کو ایک مقدس ملک سمجھتا ہے لیکن اس کی بات پر غور کرنے کی بجائے اس پر تنقید کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی ایوان نمائندگان سے 7 کے مقابلے میں 368 ووٹوں سے منظور نان بائنڈنگ قراراداد میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے 8 فروری کے انتخابات میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کے دعوؤں کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔

اس صورتحال پر وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات سے متعلق امریکی قرارداد کے جواب میں قرارداد لائی جائے گی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ فواد چوہدری کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نہیں چاہتی کہ پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان جیل سے باہر آئیں تو انہوں نے کہا کہ ’بھگوڑوں کی بات کا میں کیا جواب دوں‘۔

 یاد رہے کہ حال ہی میں وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت نہیں چاہتی کہ عمران خان جیل سے باہر آجائیں کیونکہ ان کو ڈر ہے کہ عمران خان باہر آئیں گے تو اسد عمر، عمران اسماعیل، فواد چوہدری اور علی زیدی دوبارہ قیادت سنبھال لیں گے اور پارٹی میں ان (موجودہ قیادت) کا عمل دخل ختم ہوجائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp