وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی ہورہی ہے، ہمارا حق ہے کہ جہاں دشمن ٹھکانے بنا کر بیٹھے ہوں وہاں کارروائی کریں۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس افغانستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے ثبوت موجود ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی وجہ سے شہادتیں ہورہی ہیں اور معیشت متاثر ہورہی ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ ٹی ٹی پی کو پاکستان لے کر آئے، افغانستان کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہاکہ اگر ضرورت پڑی تو ٹی ٹی پی کی سرحد پار پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن رہنماؤں نے خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کسی دوسرے ملک میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر اتفاق رائے نہ بھی ہوا تو آپریشن عزم استحکام کا آغاز ہو جائے گا۔