ایران: قبل ازوقت صدارتی انتخابات میں کوئی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ نہ لے سکا، اب کیا ہوگا؟

ہفتہ 29 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران میں 28 جون کو ہونے والے قبل از وقت صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے باعث اب ملک میں دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی وزارت داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 5 جولائی کو ایران میں دوبارہ پولنگ ہوگی۔ اب دوسرے مرحلے میں صدارتی امیدواروں مسعود پزیشکیان اور سعید جلیلی مدمقابل ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 28 جون کو ہونے والے انتخابات میں صدارتی امیدوار مسعود پزیشکیان نے تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ ووٹ حاصل کیے اور سب سے آگے رہے جبکہ ان کے مدمقابل سعید جلیلی نے 95 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔

صدارتی امیدوار محمد باقر 34 لاکھ ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والے محمدی محض نے 2 لاکھ سے زیادہ ووٹ لیے۔

الیکشن کمیشن آف ایران نے بتایا ہے کہ قبل ازوقت ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 40 فیصد رہا ہے، جبکہ 2021 میں جب انتخابات ہوئے تو ٹرن آؤٹ 48 فیصد تھا۔

واضح رہے کہ ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی گزشتہ ماہ ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے جس کے باعث ملک میں قبل ازوقت انتخابات منعقد ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp