پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر 2 اجلاس، اپوزیشن کا 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

ہفتہ 29 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے آگئے، اسپیکر کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کے 11 ارکان کی رکنیت معطل کرنے کے خلاف اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا اور اسمبلی گیٹ پر اجلاس شروع کردیا۔

اسمبلی گیٹ پر ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہاکہ اندر والی اسمبلی جعلی ہے کیونکہ اس میں بیٹھے ہوئے لوگ فارم 47 کی پیداوار ہیں، وزیراعلیٰ خود کو شہنشاہ سمجھتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مریم نواز کے والد 1985 میں فوجی آمر کی آشیرباد سے وزیراعلی بنے اور یہ بھی ایسے ہی قائد ایوان بنی ہیں۔ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، صنم جاوید، عالیہ حمزہ ملک کےلیے کیس لڑ رہے ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر نے 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی ملک کی تاریخ کا متنازع ترین واقعہ ہے، ضروری ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

سنی اتحاد کونسل کے اسمبلی گیٹ پر بلائے گئے اجلاس میں نواز شریف کارڈیالوجی اسپتال کا نام تبدیل کرکے ’وزیراعلیٰ کے پاپا چور کارڈیالوجی اسپتال‘ رکھنے کی تحریک کی بھی منظوری دی۔

اس کے علاوہ سنی اتحاد کونسل کے اجلاس میں اسپیکر ملک احمد خان کے 11 اراکین کو معطل کرنے کے حکم کے خلاف تحریک بھی بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp