اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات آج کئی برسوں کی بہترین پوزیشن پر ہیں، امریکا

ہفتہ 29 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی پرنسپل نائب معاون وزیر خارجہ ایلزبتھ ہورسٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات گزشتہ برسوں کی نسبت آج سب سے بہترین مقام پر ہیں، ان بہترین تعلقات کا تمام تر سہرا امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان کو جاتا ہے۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان کے اعزاز میں دیے گئے الوداعی عشائیہ کے موقع پر امریکا کی پرنسپل نائب معاون وزیر خارجہ ایلزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ امریکا کے دفتر خارجہ کی جانب سے یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی سالوں کی نسبت اس وقت بہترین مقام پر ہیں۔

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان بہتر تعلقات کا ایک بڑا کریڈٹ سفیر مسعود خان کو جاتا ہے جن کے دور سفارت کے دوران انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان بہترین تعلقات استوار کیے۔

تقریب کا انعقاد امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں دفتر خارجہ کی جانب سے سفیر مسعود خان کی بہترین سفارت کاری کے اعتراف میں کیا گیا تھا، جس میں مسعود خان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا، تقریب میں امریکی محکمہ خارجہ اور محکمہ دفاع کے حکام نے شرکت کی ۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اعلیٰ امریکی عہدیدار نے اعتراف کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات میں بعض اوقات کچھ معاملات پر بگاڑ بھی پیدا ہو جاتا ہے لیکن گزشتہ 2 سالوں کے دوران سردار مسعود خان کی وجہ سے ہم اعتراف کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات استوار رہے۔

فروری 2022 سے امریکا میں پاکستان کے اعلیٰ نمائندے کی حیثیت سے 2 سال خدمات انجام دینے کے بعد مسعود خان اگلے ہفتے پیر کے روز اپنے سب سے اہم سفارتی عہدوں میں سے ایک کو چھوڑ دیں گے۔

تجربہ کار سفارتکار کو نومبر 2021 میں اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (مشرق وسطیٰ اور ایس آئی ایف سی) سفیر رضوان سعید شیخ کو پاکستان کی طرف سے اب امریکا میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

اس موقع پر الزبتھ ہورسٹ نے مزید کہا کہ مسعود خان کے دور سفارت کاری کے دوران ہم نے تعلقات کی نئی راہیں تلاش کی ہیں، دونوں ممالک نے صحت، توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے اہم معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے، یہ وہ چیزیں تھیں جن کے بارے میں ہم نے طویل عرصے سے بات نہیں کی تھی۔

انہوں نے سردار مسعود خان کی سفارت کاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری اس لیے آئی کہ مسعود خان پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومت جانب سے غیر معمولی نمائندے رہے ہیں۔ آپ دیانتدار انسان رہے ہیں، آپ امریکا میں تخلیقی صلاحیتیں اور مہمان نوازی لے کر آئے۔

الزبتھ ہورسٹ نے مسعود خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ ’ مجھے لگتا ہے کہ مسعود خان نے یہاں جو 2 سال گزارے ہیں اس سے ہم سب کو اس کا بہت فائدہ ہوگا۔ میں ذاتی طور پر اور دفتر خارجہ کی جانب سے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp