’یہ کیسی فٹنس ہے بھائی؟‘بابر اعظم کی ویڈیو پر لوگ طیش میں کیوں آگئے؟

پیر 1 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم گراؤنڈ میں رننگ کررہے ہیں اور ان کا پیٹ کافی بڑھا ہوا ہے جس پر صارفین کی جانب سے ان کی فٹنس پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔

ایک صارف نے بابر اعظم کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کس قسم کی فٹنس ہے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ کیا بابر اعظم ایک سپورٹس مین بھی ہیں؟ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے مزید لکھا کہ اس فٹنس کے ساتھ وہ میچ کیسے کھیل سکتے ہیں؟

جنید نامی صارف نے بابر اعظم کی فٹنس پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے لکھا کہ ان کی فٹنس کا لیول یہ ہے اور شائقین توقع رکھتے ہیں کہ یہ ورلڈ کپ جیتیں گے۔

احمر نجیب ستی لکھتے ہیں کہ اچھی فٹنس ہی اچھی کارکردگی کی ضامن ہے۔ بابر اعظم جب تک فٹ رہے انہوں نے بہترین پرفارم کیا، صارف کا مزید کہنا تھا کہ 2023 میں بابر اعظم نے اپنی فٹنس پر سمجھوتہ کیا اس کے بعد کیا ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو ہنگامی بنیادوں پر فٹنس کو سنجیدہ لینا ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے سپر 8 راؤنڈ تک رسائی میں ناکام رہی تھی، پاکستان کو پہلے مرحلے کے 2 میچز میں شکست ہوئی تھی جس میں قومی ٹیم کو امریکا سے اپ سیٹ شکست ہوئی جبکہ قومی ٹیم بھارت سے جیتا ہوا میچ بھی ہار گئی تھی جس کے بعد سے ٹیم کو شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم بھی اگست کے تیسرے ہفتے میں پاکستان آئے گی۔ دورے میں بنگلا دیش ٹیم 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جب کہ ٹیسٹ میچز کراچی اور راولپنڈی میں کرانے کی تجویز ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp