فواد چوہدری سمیت دیگر کی پی ٹی آئی میں واپسی کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے، لطیف کھوسہ

پیر 1 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف قانون دان و سینیئر رہنما پاکستان تحریک انصاف لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری سمیت پی ٹی آئی چھوڑ جانے والوں کو واپس لینے کا فیصلہ عمران خان رہائی کے بعد خود کریں گے۔

مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری اس وقت پاکستان تحریک انصاف کا حصہ نہیں، ان کو پارٹی میں واپس لینے کا معاملہ کور کمیٹی میں آیا تھا لیکن اس کا اختیار عمران کو دے دیا گیا، شاید انہیں یہی بات انہیں ناگوار گزری ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہاکہ رؤف حسن پارٹی کے ترجمان ہیں لیکن مجھے نہیں معلوم کے وہ پارٹی سے تنخواہ لیتے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ ہے کہ الیکشن میں فراڈ ہوا ہے تو اس پر ہم یک زبان ہیں اور اکٹھے چلیں گے، اسد قیصر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی مولانا سے بات کرے گی اور تحفظات دور کرے گی۔

لطیف کھوسہ نے کہاکہ بے غیرتی کی انتہا ہے کہ 25 کروڑ عوام کو بھکاری بنا کر آئی ایم ایف کے کہنے پر بجٹ دیا گیا، حکومت کو شرم آنی چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ موجودہ حکومت نے قاتل بجٹ پیش کیا، موجودہ بجٹ سے مزید 2 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکمران طبقے کا پیٹرول، گیس، بجلی اور نوکریاں سب کچھ مفت ہے، جبکہ عوام کو لمبے لمبے بل بھیجے جاتے ہیں، اور جو ادا نہ کرے اسے اندر کردیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ لطیف کھوسہ سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں ایک کیس کی پیروی کے سلسلہ میں مظفرآباد میں آئے تھے، تاہم انہیں بحث کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp