اداکارہ نرگس فخری کی زندگی ایک ای میل نے کیسے تبدیل کردی؟

پیر 1 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی مشہور اور خوبرو اداکارہ نرگس فخری کا شمار ان چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی پہلی فلم ہی سے دنیا کی دوسری بڑی فلم نگری میں اپنا نام بنایا اور ایک منفرد مقام حاصل کیا۔

نرگس فخری نے بالی ووڈ سے اپنی فلمی سفر کا کیسے آغاز کیا اور فلم ’راک اسٹار‘ میں ان کا اداکاری کا تجربہ کیسا رہا، اس حوالے سے اداکارہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔

نرگس فخری کا کہنا تھا کہ ان کا بالی ووڈ  تو دور کی بات بلکہ اداکاری کا بھی کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم پھر ایک اتفاقی ای میل نے گویا ان کے کیریئر پلان اور زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔

نرگس فخری نے اس حوالے سے تفصیل بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سب ایک ایک اس اتفاقی ای میل سے شروع ہوا۔ انہوں نے کہا، ’میں نے اس ای میل کا جواب دینے کا فیصلہ کیا اور تبھی بالی ووڈ میں مجھے پہلا بڑا پروجیکٹ ملا۔‘

اداکارہ نے اپنے فلمی سفر کو ایک ’سنجیدہ ایڈونچر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ای میل کے جواب کے بعد جو کچھ ہوا وہ سب قسمت کی مہربانی تھی، میری تقدیر اس طرح کھلنا تھی اور یہ سب ایسے ہی ہونا ہی تھا۔‘

44 سالہ نرگس فخری نے دوران انٹرویو بتایا کہ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے بہت ساری کامیابیاں سمیٹیں اور اس میں ان کی محنت سے زیادہ خوش قسمتی کا عمل دخل تھا اور انہیں سیکھنے کے ساتھ ساتھ اداکاری کے بہترین مواقع ملے۔

فلم ’راک اسٹار‘ میں اداکاری کے تجربے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس فلم کے ہدایت کار امتیاز علی نے اپنے ہائی پروفائل پروجیکٹ کے لیے منتخب کرکے انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔

نرگس کا کہنا تھا کہ اس فلم میں کام کرنا ان کے لیے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا تھا کیونکہ یہ ایک موقع تھا کہ جس کی بدولت انہیں مستقبل میں اسی طرح کے جاندار کردار مل سکتے تھے۔

اداکارہ نے تسلیم کیا کہ ’راک اسٹار‘ ہی وہ فلم تھی جس کی وجہ سے انہیں اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کا موقع ملا اور ہالی ووڈ نے اپنے دروازے ان کے لیے کھولے۔ راک اسٹار کی دوبارہ ریلیز پر فلم کو ایوارڈ ملنے پر اداکارہ نے نہایت عاجزی کے ساتھ اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اپنی اصل ریلیز کے اتنے برسوں بعد بھی راک اسٹار کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Nargis Fakhri (@nargisfakhri)

واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ نرگس فخری نے 2011 میں امتیاز علی کی فلم ’راک اسٹار‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس فلم میں انہوں نے رنبیر کپور کے مدمقابل ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم ’راک اسٹار‘ نے انہیں راتوں رات سپر اسٹار بنادیا تھا۔

نرگس فخری نے 2013 میں فلم ’مدراس کیفے‘، 2014 میں فلم ’میں تیرا ہیرو‘،  2015 میں فلم ’اسپائی‘ اور 2016 میں’ہاؤس فل تھری‘، ’ڈشوم‘ اور ’بنجو‘ جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔ نرگس فخری نے اس کے علاوہ کئی میوزک ویڈیوز میں بطور ماڈل بھی کام کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp