بجلی کے بھاری بھر کم بلوں سے ستائے پنجاب کے عوام کو صوبائی حکومت نے خوشخبری سنادی ہے اور اب وہ آسان اقساط پر اپنے گھر پر سولر پینل لگوا سکیں گے جس سے ان کی بجلی کے بل سے جان ہمیشہ کے لیے چھوٹ جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے خاندانوں کے لیے ’پنجاب روشن گھر اسکیم‘ قائم کی ہے، جس کا مقصد ضرورت مند افراد کو سولر پینلز فراہم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں
ابتدائی طور پر یہ اسکیم 50 ہزار خاندانوں کے لیے ہے اور اس کے لیے فنانسنگ بینک آف پنجاب کرے گا اور یہ رقم آسان قسطوں میں واپس کرنا ہوگی۔
اسکیم کے تحت ہر اہل خاندان 3 سولر پینلز حاصل کرسکتا ہے جس کے لیے اسے بینک آف پنجاب میں درخواست جمع کرانا ہوگی۔
کون کون سے خاندان اہل ہیں؟
پنجاب کے وہ خاندان اس اسکیم سے استفادہ کرسکیں گے جو ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، اس کے لیے انہیں شناختی کارڈ، جائیداد کی تفصیلات اور بجلی کے استعمال کی تفصیل مہیا کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت بھی ورلڈ بینک کے تعاون سے صوبے کے عوام کو صرف 7 ہزار روپے کی سستی قیمت پر مکمل سولر سسٹم فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کرچکی ہے۔
سندھ میں متبادل توانائی کے ڈائریکٹر نے بتایا تھا کہ صوبے کے ہر ضلع میں 6 ہزار 656 سولر سسٹمز تقسیم کیے جائیں گے جس کی مجموعی طور پر تمام علاقوں میں تقسیم کی کوشش کی جائے گی، اور یہ منصوبہ اکتوبر میں شروع ہوگا۔