سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف 2 مختلف کارروائیاں کی ہیں، اور اس دوران 2 انتہائی مطلوب دہشتگردوں سمیت 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ وادی تیراہ کے علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں 7 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں نجیب عرف عبدالرحمان اور اشفاق عرف معاویہ کو بھی ہلاک کیا ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فورسز نے دوسرا آپریشن لکی مروت میں کیا جہاں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے، اور علاقے میں موجودہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ایسی کارروائیاں ہمارے جوانوں کے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔