جسٹس شفیع صدیقی سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نامزد

منگل 2 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جوڈیشل کمیشن نے جسٹس شفیع صدیقی کو متفقہ طور پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نامزد کردیا، جس کے بعد جوڈیشل کمیشن نے معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو حتمی منظور کے لیے بھجوا دیا ہے۔ جسٹس شفیع صدیقی کا نام سینارٹی لسٹ میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں جسٹس شفیع صدیقی کو متفقہ طور پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ تعینات کرنے کی سفارش کی گئی۔ جسٹس شفیع صدیقی ٹیکس قوانین سے متعلق قوانین میں مہارت رکھتے ہیں۔

جسٹس شفیع صدیقی نے 1992 میں وکالت کا آغاز کیا، 1994 میں ہائیکورٹ کے وکیل جبکہ 2008 میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ ان کی عمر 58 سال ہے۔

جسٹس محمد شفیع صدیقی 12 اگست 1965 کو پیدا ہوئے، انہوں نے بی ایس کے بعد ایل ایل بی کیا اور 1992 میں بطور ایڈووکیٹ ماتحت عدالتوں سے اپنے کیئرکا آغازکیا، 1994 میں بطور ہائیکورٹ ایڈووکیٹ اپنے فرائض شروع کیے۔

مزید پڑھیں: جوڈیشل کمیشن کا اجلاس: جسٹس عقیل عباسی کی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نامزدگی کی منظوری

 2008 میں سپریم کورٹ میں بطور سپریم کورٹ ایڈووکیٹ کی حیثیت سے انرول ہوئے اور پھر 2012 میں سندھ ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دیے۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی سابق چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کی سپریم کورٹ تعیناتی کے بعد سے بطور قائم مقام چیف جسٹس اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

تاہم جوڈیشل کمیشن کی منظوری کے بعد اور پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا باقاعدہ حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل عباسی کی سپریم کورٹ میں بطور سینئر جج نامزدگی پر جسٹس شفیع صدیقی کو ہی قائمقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نامزد کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp