’اس میٹرس سے بہتر ہے کہ کھلاڑی گھاس پر پریکٹس کر لیں‘ فٹنس کیمپ میں موجود سہولیات پر صارفین کی تنقید

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور دورہ آسٹریلیا کے لیے کراچی میں فٹنس کیمپ کا آغاز ہو گیا ہے جس میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔ کھلاڑیوں کے ٹریننگ سیشن کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں جن میں کھلاڑیوں کو بیٹنگ، فیلڈنگ اور دیگر مشقیں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھلاڑیوں کی فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے لیکن صارفین کھلاڑیوں کے ٹریننگ کے سامان اور ان کو ملنے والی سہولیات خصوصاً میٹرس پر تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں کہ وہ کس قدر بوسیدہ حالت میں ہیں۔

سہیل عمران نے سوال کیا کہ کیا آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انڈیا، انگلینڈ اور ساوتھ افریقہ میں بھی کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لیے ایسی ہی حالت کے میٹرس استعمال ہوتے ہیں اور ایسے ہی فیلڈنگ ڈرلز ہوتی ہیں؟

صارف کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی عالمی  معیار کے میٹرس کی عدم دستیابی کو دیکھیں گے اور جلد ہی کھلاڑیوں کو جدید میٹریس ملیں گے۔

ایک صارف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ  ملین ڈالر کمانے والا کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے لیے مناسب آلات پر 100 ڈالر بھی خرچ نہیں کر سکتا۔

ایک ایکس صارف نے کھلاڑیوں کی مشقیں کرتے ہوئے ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے کھلاڑی اس طرح تربیت حاصل کرتے ہیں اور ہم ان سے بہترین کارکردگی کی توقع کرتے ہیں۔

شہناز نامی صارف لکھتی ہیں کہ کھلاڑیوں کی ٹریننگ اگر ایسے ہوتی ہے تو وہ میچ کیسے جیتیں گے۔

کئی صارفین ایسے بھی تھے جو کھلاڑیوں کے میٹرس پر پریکٹس کرنے کو تنیقد کا نشانہ بنا رہے تھے حرا نامی صارف نے کہا کہ میں اپنی بلی کے ساتھ ایسے کھیلتی ہوں، انہوں نے کھلاڑیوں کو کہا کہ آپ پروفیشنل ہیں یہ میٹرس ہٹا کر پریکٹس کریں۔

فیصل سید کہتے ہیں کہ اس میٹرس سے بہتر ہے کہ کھلاڑی گھاس پر پریکٹس کر لیں۔

واضح رہے کہ کیمپ میں ٹیسٹ اسکواڈ اور پاکستان شاہینز کے 26 کھلاڑی شریک ہیں۔ آٹھ جولائی کے بعد صرف شاہینز اسکواڈ کے کھلاڑی کیمپ میں رہیں گے۔ شاہینز ٹیسٹ کوچ جیسن گلسپی کی نگرانی میں ٹریننگ کریں گے۔پاکستان شاہینز 14 جولائی سے 18 اگست تک ڈارون آسٹریلیا کا دورہ کریں گے۔

 پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ کے کھلاڑ یوں میں عبداللہ شفیق، فیصل اکرم، حسیب اللہ، حنین شاہ، امام الحق، محمد عرفان خان ،کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حارث ، محمد حریرہ ، وسیم جونیئر، مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، ثمین گل، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، طیب طاہر، عمر امین، عثمان قادر اور زاہد محمود شامل ہیں۔

پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں میںحسیب اللہ ، حنین شاہ، محمد عرفان خان ، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین کو رکھا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp