اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب، 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی تیزی کا رجحان برقرار ہے، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس نے 600 سے زائد پوائنٹس اضافے سے 80 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج صبح بھی تیزی کا رجحان غالب رہا اور 100 انڈیکس 601 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 80 ہزار 153 پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت تجارت کے لیے آئندہ 5برس میں برآمدات دُگنی کرنے کا ٹاسک

معاشی ماہرین کے مطابق سرمایہ کار مہنگائی کی شرح میں کمی کی توقع رکھتے ہیں اور امید ہے کہ بجٹ کی منظوری کے بعد عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے قرض پروگرام پر اسٹاف کی سطح کا معاہدہ ہو جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ کی منظوری کو آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کے حصول کی جانب ایک بڑا قدم سمجھا جارہا ہے، جسے سرمایہ کار خاصی مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: سخت اقدامات کے سبب معیشت بحالی کا راہ پر گامزن ہوگئی، اکنامک اپ ڈیٹ

اسٹاک ماہرین کے مطابق مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی جاری رہنے کی توقع سمیت دیگر عوامل کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب ہے، آئی ایم ایف کے مطابق بجٹ کی منظوری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے میں مدد ملی ہے۔

واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار گزشتہ روز 79 ہزار 552 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جبکہ اس سے ایک روز قبل بھی 100 انڈیکس 379 پوائنٹس یعنی 0.48 فیصد اضافے کے بعد 78 ہزار 824 پر بند ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد اسٹاک مارکیٹ کا رجحان کیا رہا؟

اس سے قبل20  جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا تھا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 2094 پوائنٹس اضافے کے بعد نہ صرف 78 ہزار 801 کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا بلکہ یہ رجحان اگلے روز بھی جاری رہا۔

21 جون کو اسٹاک مارکیٹ میں ابتدائی کاروبار کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس 1199 پوائنٹس اضافے کے بعد 80 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ تو گیا تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان برقرار نہیں رہ سکا تھا، لیکن آج کی ابتدائی ٹریڈنگ کے بعد 100 انڈیکس نے 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر عبور کرلی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp