آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد اسٹاک مارکیٹ کا رجحان کیا رہا؟

جمعرات 21 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ ایک ماہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور روپے کے مقابلے میں ڈالر میں ٹہراؤ نظر آیاہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت آغاز 100 انڈیکس میں 296 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا جس کے بعد مارکیٹ 66029 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہی ہے۔

بات کی جائے ڈالر کی تو روپے کے مقابلے میں ڈالر 16 پیسے سستا ہو گیا ہے، انٹر بینک میں ڈالر 278 روپے 41 پیسے سے کم ہو کر 278 روپے 25 پیسے پر فروخت ہورہا ہے، معاشی ماہرین آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول کے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کررہے ہیں کہ یہ معاہدہ ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

معاشی ماہر شہریار بٹ نے وی نیوز کو بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین اسٹاف کی سطح پر معاہدہ طے پاگیا ہے، امید ہے کہ اپریل کے وسط تک پاکستان کو ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالرز مل جائیں گے، وہ سمجھتے ہیں کہ اس معاہدے کے مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہو چکے ہیں۔

’پاکستانی انٹرنیشنل بانڈز مثبت ہونا شروع ہوگئے ہیں اور 2 سال کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہے ہیں دوسری جانب دوست ممالک کی معاشی ٹیم نے پاکستان سے رابطے شروع کردیے ہیں۔‘

شہریار بٹ کے مطابق اس معاہدے کے بہت جلد مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور آنے والے دنوں میں ہم پاکستان میں مزید سرمایہ آتا ہوا دیکھیں گے، ان کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنا چاول باہر جانے سے روک دیا ہے جس سے پاکستان کے باسمتی چاول کی مانگ میں 86 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

جہاں ایک طرف شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد اسٹاک ایکسچینج بہتری کی طرف جائے گا، دوسری جانب اسٹاک ایکسچینج کے ماہر محسن مسیڈیا بھی سمجھتے ہیں کہ آئی ایم ایف معاہدے کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

محسن مسیڈیا کے مطابق اس پیش رفت کے تناظر میں مزید معاہدوں کے لیے دروازے کھلیں گے اور اسکے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر بھی مرتب ہوں گے، کافی دنوں سے اسٹاک ایکسچینج میں خاطر خواہ بہتری یا گراوٹ نہیں دیکھی گئی۔

’آج بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ مارکیٹ پلس سے شروع ہونے کے بعد 200 کے قریب پوائنٹس مائینس ہو چکی ہے اور 66 ہزار کے گرد گھوم رہی ہے لیکن آئندہ دنوں میں مارکیٹ میں سرمایہ کاری متوقع ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp