پاک روس تعلقات کسی دوسرے ملک کی وجہ سے متاثر نہیں ہوں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور روس عرصہ دراز سے دوست ممالک ہیں اور ہمارے تعلقات کسی دوسرے ملک کی وجہ سے متاثر نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس میں شرکت  کے لیے دوشنبے سے قازقستان کے دارالحکومت آستانا میں موجود ہیں جہاں ان کی ملاقات روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے روسی صدر کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی، وزیر اعظم نے کہا کہ امید کرتے ہیں صدر پیوٹن کی قیادت میں روس ترقی کرے گا۔ پاکستان روس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون چاہتا ہے۔ پاکستان کے روس کے ساتھ طویل المدتی تجارتی تعلقات ہیں۔

مزید پڑھیں: قازقستان: وزیراعظم شہباز شریف کی روس اور ازبکستان کے صدور سے ملاقاتیں متوقع

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس عرصہ دراز سے دوست ممالک ہیں، اور روس کے ساتھ برآمدات بڑھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

آپ سے دوبارہ مل کر بہت خوشی ہوئی، روسی صدر ولادی میر پیوٹن

روسی صدر نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے دوبارہ مل کر بہت خوشی ہو رہی ہے، 2سال پہلے ہم شنگھائی تعاون تنظیم کے ہی اجلاس کے موقع پر سمر قند میں ملے تھے، ہم نے دو طرفہ امور کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی تھی۔ پاکستان اور روس کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔

روسی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کی بدولت دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں ہم اپنے تعاون کو بڑھا سکتے ہیں۔ غذائی تحفظ کے شعبے میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کا فروغ کو جاری رکھیں گے، وزیراعظم

شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس میں شرکت کے دوران وزیر اعظم کی روسی صدر کے علاوہ قازقستان کے وزیر اعظم سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم  آستانا میں ایس سی او پلس کے سربراہی اجلاس میں علاقائی اورعالمی مسائل پرپاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔

شہبازشریف سربراہی اجلاس کے موقع پر شرکت کرنے والے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان کی بدھ کو روسی صدر اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

اس کے علاوہ بدھ کو پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین سہ فریقی بات چیت کا دور ہوگا جس میں وزیراعظم شہباز شریف شریک ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp