شہباز شریف کی ازبک صدر سے ملاقات، کراچی پورٹ کو ترمز سے منسلک کرنے پر تبادلہ خیال

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر سے ملاقات کی، وزیراعظم اور ازبکستان کے صدر نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کثیر جہتی تعلقات، تجارت، روابط، دفاع، سلامتی، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ازبکستان کے صدر عزت مآب شوکت مرزیوئیف کے درمیان آج قازسقستان کے دارالحکومت آستانہ میں، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ ازبکستان کے صدر سے ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ازبکستان خطے کے ممالک کے لیے  تجارت کی توسیع کے حوالے سے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔

مزید پڑھیں: پاک روس تعلقات کسی دوسرے ملک کی وجہ سے متاثر نہیں ہوں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

دونوں رہنماؤں نے اس حوالے سے دستیاب مختلف آپشنز کی جانچ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے لیے کراچی پورٹ کو ترمز سے منسلک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک خوشحال وسطی ایشیا اور بڑھتے ہوئے علاقائی روابط کے لیے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے اور پاکستان ازبکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو عملی جامہ پہنانے سے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کا فروغ کو جاری رکھیں گے، وزیراعظم

دونوں رہنماؤں نے افغانستان، جو خطے کی ترقی اور خوشحالی میں شراکت دار ہوسکتا ہے، کی صورتحال اور پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان اور ازبکستان دونوں کے مشترکہ عزم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان دیگر اہم منصوبوں کے علاوہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp