بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ ہوگیا؟ چیئرمین پی سی بی نے مستقبل کے ارادے بتادیے

جمعرات 4 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو فی الحال کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے، تاہم سابق کرکٹرز سے صلاح مشورے جاری ہیں اور وہی کپتان کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں محسن نقوی نے بتایا کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر اپنی تفصیلی رپورٹ پی سی بی کو پیش کردی ہے، جس کے بعد گیری کرسٹن اور اظہر محمود کو بات چیت کے لیے طلب کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’یہ کیسی فٹنس ہے بھائی؟‘بابر اعظم کی ویڈیو پر لوگ طیش میں کیوں آگئے؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی20 ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی پر ٹیم کی ’سرجری‘ سے متعلق اپنے ابتدائی بیان کی وضاحت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ بہتری کے لیے صلاح مشورے جاری ہیں، غصے اور جلد بازی میں کیے گئے فیصلے اکثر نقصان دہ ہوتے ہیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے وہ سابق کرکٹرز سے رابطے میں ہیں، وہ سابق کرکٹرز معاملات دیکھیں گے جن کی روزی روٹی مختلف ٹی وی چینلز پر بولنے سے وابستہ نہیں، کپتان بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کپتان کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ سابق کرکٹرز کریں گے۔

یہ پڑھیں: بھارت سے شکست، چیئرمین پی سی بی کا قومی ٹیم کی سرجری کا فیصلہ

محسن نقوی نے تسلیم کیا کہ غلطیاں ہوئی ہیں لیکن اب سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے، ورلڈکپ کے بعد بابر اعظم اور وہاب ریاض سے ملاقات نہیں ہوئی، ایک سابق کرکٹرنے بڑی محنت سے بہتری کے لیے تفصیلی رپورٹ دی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ انہیں عہدہ سنبھالے 4 مہینے ہوئے ہیں اور کرکٹ کے شعبے میں بہت کچھ ٹھیک ہونے والا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پوسٹ سے متاثر ہوکر فیصلے نہیں کرتے،کرکٹ بورڈ نہ سوشل میڈیا پوسٹس چل رہا ہے اور نہ ہی وہ ایسا ہونے دیں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے ملکی کرکٹ کی بہتری کا نسخہ بتا دیا

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی منفی کارکردگی کو بہتر بنانا ان کا سب سے بڑا ٹارگٹ ہے اور جس دن پریشر میں آئے تو گھر جانے کو ترجیح دیں گے، کرکٹ اور پی سی بی کو بہتر بنانے کے لیے تحمل کے ساتھ کوشش کررہے ہیں، پی سی بی کے اندرونی معاملات کو بہتر کرنا بھی ایک چیلنج ہے۔

محسن نقوی نے ، جو وزیر داخلہ بھی ہیں، خبردار کیا کہ پاکستانی کرکٹرز سے ملک یا بیرون ملک کسی بھی قسم کی بدتمیزی کے نتائج کے ذمہ دار شائقین کرکٹ خود ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ امریکا میں فاسٹ بولر حارث رؤف کے ساتھ بدتمیزی کا کیس ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے، پاکستان آنے کی صورت میں ایف آئی اے ان کا ’استقبال‘ کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp