پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان نے ملکی کرکٹ کو ٹھیک کرنے کا نسخہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے محسن نقوی کو پی سی بی کی چیئرمین شپ سے ہٹایا جائے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہاکہ محسن نقوی نے کرکٹ کے ساتھ جو کیا وہ سب کے سامنے ہے، اس کو وزارت داخلہ بھی سفارش کی بنیاد پر ملی۔
یہ بھی پڑھیں بھارت سے شکست، چیئرمین پی سی بی کا قومی ٹیم کی سرجری کا فیصلہ
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ عرصے میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی، بابر الیون آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے سے قبل ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی، جبکہ اس سے قبل ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی قومی ٹیم نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ٹیم میں سرجری کی ضرورت ہے جو کرنی پڑے گی۔
اب ہر ایک کی نظریں پاکستان کرکٹ بورڈ پر ہیں کہ قومی کرکٹ ٹیم میں کیا تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔