مسلم لیگ ن کے سابق سوشل میڈیا ہیڈ بھی حکومتی پالیسی کے خلاف بول پڑے

جمعہ 5 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت پر مبینہ طور پر فنکاروں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو پیسے دے کر مسلم لیگ ن کی پروموشن کے لیے ویڈیوز بنوائے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین ان پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ معاوضے کے عوض ن لیگ کے حق میں تشہیری مہم چلائی جا رہی ہے۔ ایسے میں ن لیگی کارکنان بھی اپنی ہی جماعت کے خلاف بیان دیتے نظر آتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے سابق سوشل میڈیا ہیڈ عاطف رؤف نے حکومتی پالیسی کے خلاف سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر ایک پوسٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن عوام کو مطمئن نہیں کر پا رہی اس لیے انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مسلم لیگ ن سے زیادہ ڈیلیور کسی جماعت نے نہیں کیا اور نہ ہی کوئی کر سکتا ہے لیکن عوام کو مشکل فیصلوں کی نظر کرنے سے پہلے عوام کو اعتماد میں لے کر انہیں روڈ میپ دینا چاہیے۔

عاطف رؤف نے کہا کہ عوام کو اعتماد میں لیے بغیر مشکل فیصلے لینا مستقبل میں ن لیگ کے لیے بہت نقصان دہ ثابت ہو گا۔

مسلم لیگ ن کے سابق سوشل میڈیا لیڈ کی پوسٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں ایک صارف نے کہا کہ سوشل میڈیا ہیڈ سے ہٹائے جانے کا آپ کو ذاتی طور پر یہ فائدہ ہوا ہے کہ آپ کی اپنی سوچ اور شخصیت پروان چڑھے گی۔

اللہ بخش لاشاری نامی صارف نے ن لیگ کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان نے ملک کی بنی بنائی عمارت گرا دی ہے اب اس کو دوبارہ بنانے میں ٹائم لگے گا، ان کا کہنا تھا کہ عوام یقین رکھے مسلم لیگ ن مہنگائی کو بھی نیچے لائے گی اور پاکستان میں میگا پراجیکٹس بھی لانچ کرے گی۔ صارف نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ ن  2027 تک میں مہنگائی کی شرح میں کمی لے آئے گی۔

نورین کامران لکھتی ہیں کہ ن لیگ نے عوام پر ظالمانہ فیصلے مسلط کر دیے ہیں اور دہری مشکل کا شکار ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف مہنگائی ہے اور دوسری طرف مخالفین کی تنقید اس کا ن لیگ کی سیاست کو بہت گہرا نقصان ہو چکا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ موجودہ حکومت تو خود کو بہت تجربہ کار کہتی تھی اور وہ واقعی تجربہ کار نکلی ہے، صارف نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ تمام ریلیف پارلیمنٹیرین کو دے دیا گیا ہے اور عام عوام پر ضرورت سے زیادہ بوجھ ڈال کرایک ہی نعرہ لگایا جا رہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ہے۔

واضح رہے کہ عاطف رؤف چند دن قبل ہی ن لیگ کی سوشل میڈیا ٹیم سے مستعفی ہوئے ہیں جس کی جگہ صفدر خان لغاری کو ن لیگ کی سوشل میڈیا ٹیم کا ہیڈ بنایا گیا ہے، صفدر خان لغاری پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار اظہر لغاری کے صاحبزادے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp