گریٹ برائن لارا نے پاکستان کے کس کھلاڑی کو خطرناک ترین بولر قرار دیا؟

جمعہ 5 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا ایک لیجنڈ بیٹسمین ہیں جنہوں نے دنیا کے تقریباً ہر بولر کو بے خوفی سے کھیلا اور ٹیسٹ میچوں میں کل 11 ہزار 953 رنز اور ایک روزہ انٹرنیشلز میں 10 ہزار 405 رنز بنائے جبکہ ان کی کل سینچریوں کی تعداد 53 رہی۔

55 سالہ لارا بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کیا کرتے تھے اور ڈان بریڈ مین، وریندر سہواگ اور کرس گیل کی طرح وہ چوتھے بیٹر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 2 مرتبہ ٹرپل سینچری اسکور کیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ 2023: ویرات کوہلی نے برائن لارا کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا

سنہ 2004 میں انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 400 رنز اب تک ٹیسٹ اننگز میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ انہوں نے کئی مواقع پر پاکستان کے ایک بولر کا نام لیا ہے جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ ان کے مقابلے میں کبھی آرام سے نہیں کھیل سکے۔

برائن لارا پاکستان کے جس عظیم بولر کا تذکرہ کرتے ہیں وہ وسیم اکرم ہیں۔ عظیم بیٹسمین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں وسیم اکرم جیسا تیز ترین اور خطرناک بولر نہیں دیکھا۔

’سجے دکھا کر کھبے مارنا‘

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم بہت تیز اور خطرناک بولر تھے جو اوور اور راؤنڈ دی وکٹ بولنگ کیا کرتےتھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریورس کے ماسٹر وسیم اکرم دونوں طرف گیند سوئنگ کرنے میں مہارت رکھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اہم پیغام

انہوں نے یہ بتایا کہ وسیم اکرم کا ایکشن کچھ ایسا ہوتا تھا کہ یہ اندازہ لگانا مشکل ہوتا تھا کہ ان کی گیند ان سوئنگ ہوگی یا آؤٹ سوئنگ یعنی اگر ان کے ایکشن کو دیکھ کر لگتا کہ وہ آؤٹ سوئنگ گیند پھینکیں گے تو وہ ان سوئنگ ہوجاتی تھی۔

مزید پڑھیے: آنے والے دنوں میں شبمن گل کی کرکٹ پر حکمرانی ہوگی میری بات لکھ لیں، برائن لارا

لیجنڈ بلے باز نے اعتراف کیا کہ وسیم بہت غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل بولر تھے اور ان  کی بولنگ ہمیشہ ہی غیر متوقع رہی اور اسی وجہ سے وہ ان کے سامنے کبھی بھی آرام سے بیٹنگ نہیں کر سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp