اسٹیبلشمنٹ ہی ہمیشہ پی ٹی آئی کی کفیل رہی ہے، وزیردفاع خواجہ آصف

جمعہ 5 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیردفاع خواجہ آصف نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں پی ٹی آئی کی شرکت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے، قومی فیصلوں میں اگر سیاسی پارٹیاں شامل ہوں تو یہ اچھی بات ہے، خیبرپختونخوا حکومت اس آپریشن کی حمایت کرے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کی کوئی انفرادی سوچ موجود نہیں،  یہ صرف تحریک انصاف کی خواہش ہے، لگتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ کے لیے موسم تبدیل ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ’شک ہے کہ ہمیں انصاف نہیں ملنا‘، عمران خان کا بھوک ہڑتال کا عندیہ

’پی ٹی آئی کو مذاکرات کی حکومتی پیشکش برقرار ہے، نواز شریف نے ہمیشہ دروازے کھلے رکھے ہیں، سیاستدان کبھی دروازے بند نہیں کرتا، یہ عمران خان تھا کہ جب ہم اسمبلی میں جاتے تھے تو وہ اسمبلی نہیں آتے تھے، یہ ان کی غیرسیاسی سوچ تھی۔‘

وزیردفاع نے کہاکہ قومی فیصلوں میں اگر سیاسی پارٹیاں، خواہ چھوٹی ہوں یا بڑی، شامل ہوں تو یہ اچھی بات ہے، میرے خیال میں پی ٹی آئی وزیراعظم کی بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی شہباز شریف کی طلب کردہ کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کرے گی، عمران خان

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف آپریشن قوم کی سلامتی کا مسئلہ ہے، اس میں نہ پی ٹی آئی، نہ پی ایم ایل این کی سیاست ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی آپریشن عزم استحکام کے خلاف کوئی بات نہیں کی، ان کا طرز عمل مثبت تھا، امید ہے اب بھی مثبت ہوگا، خیبرپختونخوا حکومت اس آپریشن کی حمایت کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ ہمیشہ سے عمران خان کی کفیل رہی ہے۔’عمران خان کے پاس اگر میرے خلاف ویڈیوز ہیں تو وہ 4 سال وزیراعظم رہے، مجھ پر مقدمات قائم کرلیتے، بانی پی ٹی آئی کو دیر سے خیال آیا، ان کے پاس میرے خلاف کارروائی کرنے کا موقع موجود تھا۔‘

یہ بھی پڑھیں : آپریشن ’عزمِ استحکام‘ فوج کی نہیں حکومت کی ضرورت ہے، وزیرِ دفاع خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہاکہ ان کے خیال میں عمران خان کے دل میں اسٹیبلشمنٹ کے لیے ہمدردانہ گنجائش پیدا ہورہی ہے، پی ٹی آئی اگر قومی سیاست میں کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو ضرور ادا کرے، بڑی پارٹی ہے، اور اس کا ووٹ بینک ہے۔

انہوں نے کہاکہ 9 مئی کو پی ٹی آئی نے بغاوت برپا کی تھی جو خوش قسمتی سے ناکام ہوگئی، اب یہ پھر 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں، شبلی فراز نے بیان دیا ہے کہ خانہ جنگی ہوگی، اس کے بعد مذاکرات کی کیا گنجائش رہ جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp