یوراگوئے نے 5 بار کی عالمی چیمپیئن برازیل کو سنسنی خیز میچ میں پینالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر کوپا امریکا ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
امریکا کے شہر لاس ویگاس میں کھیلے کوپا امریکا کے کوارٹر فائنل میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ اور اضافی وقت میں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ترکش فٹبالر کے جشن منانے کا انداز جرمنی اور ترکیہ کے درمیان متنازع کیوں ہوگیا؟
دونوں ٹیموں نے گول اسکور کرنے کی تگ و دو میں ایک دوسرے ک گول پوسٹ پر کئی حملے کیے اور اس دوران دونوں جانب سے 41 فاؤلز کیے گئے۔
ایک مرحلے پر ریفری نے یوراگوئے کے کھلاڑی ناہیٹن نینڈیز کو فاؤل کرنے پر ریڈ کارڈ دیکر کھیل اور اور گراؤنڈ سے باہر کردیا گیا۔ یوراگوئے نے ٹیم میں ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود برازیل کو گول اسکور نہ کرنے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسپین: برازیلی فٹبالر پر نسل پرستانہ جملے کسنے کے جرم میں 3شائقین کو قید کی سزا
میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پینالٹی شوٹ آؤٹ پر فیصلہ کیا گیا، جس میں یوراگوئے نے برازیل کو 2-4 سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کولیفائی کرلیا۔
کوپا امریکا کپ میں کھیلے گئے دیگر 3 میں سے 2 کوارٹر فائنل میچز کے فیصلے بھی پینالٹی شوٹ پر ہوئے، جس میں ارجنٹینا نے ایکواڈور 4 کے مقابلے 2 اور کینیڈا نے وینزویلا کو 3-4 سے شکست دی۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں کولمبیا نے پاناما کو 0-5 سے شکست دی۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 10 اور 11 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل ارجنٹینا اور کینیڈا جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ یوراگوئے اور کولمبیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کوپا امریکا کپ کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان فٹبال ٹیم کے ورلڈ کپ میں پہنچنے کے امکانات پر قومی کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن کا تبصرہ
دوسری جانب جرمنی میں کھیلے جارہے یورو کپ فٹبال لیگ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ اسپین، نیدرلینڈز، انگلینڈ اور فرانس کی ٹیمیں سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔
یورو کپ کا پہلا سیمی فائنل 10 جولائی کو اسپین اور فرانس جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ نیدر لینڈز اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ یورو کپ کا فائنل میچ 15 جولائی کو کھیلا جائے گا۔