حکومت کا بیرون ملک جاکر بھیک مانگنے والے 2 ہزار سے زیادہ بھکاریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ

اتوار 7 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے بیرون ملک جا کر بھیک مانگنے والے 2 ہزار سے زیادہ بھکاریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے وزارت خارجہ سے بھکاریوں کی مکمل تفصیلات مانگ لی ہیں۔ دنیا بھر میں اپنے مشنز سے ان بھکاریوں کی لسٹیں حاصل کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام، 9 افراد گرفتار

حکام کے مطابق بیرونی ممالک میں بھیک مانگنے میں ملوث پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ 7 سال کے لیے بلاک کیے جائیں گے۔

حکومت کا موقف ہے کہ باہر کے ممالک میں بھیک مانگنے کے لیے جانے والے ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ لوگوں کو بھیک مانگنے کے لیے بیرونی ممالک بھیجنے والے ایجنٹوں کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر بھکاری سعودی عرب، ایران اور عراق میں عمرے اور زیارات کے لیے جاتے ہیں اور پھر وہاں بھیک مانگنا شروع کر دیتے ہیں۔

بیرون ملک بھیک مانگنے کی وجہ سے پاکستانیوں کا امیج خراب ہوتا ہے، سالک حسین

حکام کے مطابق باہر کے ممالک میں بھیک کی غرض سے جانے والے افراد کا ڈیٹا اکھٹا کیا گیا ہے، اور اس حوالے سے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کی جانب سے ایک مربوط پالیسی بنائی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp