برہان مظفروانی کا 8 واں یوم شہادت، نوجوانوں کا آزادیٔ کشمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

پیر 8 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفروانی کی 8 ویں یوم شہادت کے موقع پر مظفرآباد میں سینکڑوں نوجوانوں نے جمع ہو کر نوجوان کشمیری رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:http://نڈر حریت رہنما برہان وانی شہید کا 7واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

پیر کو مظفرآباد میں نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفروانی اور ان کے 2 ساتھیوں کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں شہادت پر ’ختم نبوت چوک‘ مظفرآباد میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے جمع ہو کر برہان وانی کی شہادت اور جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر قومی ترانے کی دھن پر آزاد کشمیر اور پاکستان کے قومی پرچم کو سلامی پیش کی گئی اور یہاں جمع ہونے والے سینکڑوں نوجوانوں نے نے سینے پر ہاتھ رکھ کر جموں کشمیر کی آزادی کے لیے مزاحمت کرنے، برہان وانی کے مشن اور جہاد کو جاری رکھنے کا حلف اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں: http://مقبوضہ کشمیر: 75 برس میں اڑھائی لاکھ کشمیری شہید، G-20 ممالک بھارت کی باز پُرس کریں گے؟

ختم نبوت چوک مظفرآباد پر کشمیری شہدا کی تصاویر اور بینرز آویزاں کیے گئے تھے، جگہ جگہ پاکستان پرچموں کو لہرایا گیا، یہاں موجود نوجوانوں نے کشمیر کے پرچم والی شرٹس میں ملبوس ہو کر برہان وانی کی جدوجہد آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیری پناہ گزین نوجوانوں نے ’ دوڑو آزادی کے لیے‘ہائی کورٹ چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ میں بھی حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: http://جدائی کے زخم: کشمیری پناہ گزین اپنے پیاروں سے دور عید کیسے مناتے ہیں؟

واضح رہے کہ برہان وانی کی بھارتی افواج کے ہاتھوں شہادت کو 8 سال مکمل ہو گئے ہیں، اگست 2015 میں مودی سرکار نے برہان وانی کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔

13 اپریل 2015 کو بھارتی فوج نے برہان وانی کے بھائی کو حراست کے دوران شہید کر دیا تھا جب کہ 8 جولائی 2016 کو بھارتی فوج نے برہان وانی کو 2 حریت پسندوں سمیت شہید کر دیا تھا۔

برہان مظفروانی کی حریت پسندوں کی لباس میں سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بھی تحریک آزادی میں جوق در جوق شامل ہونا شروع ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp