’اسکول کی سالانہ تقریبات کے لیے یہ اچھی جگہ ہے‘، ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور پر تنقید کیوں؟

پیر 8 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور کی چند تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جس پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے کہ پشاور اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام کا آغاز 2018 میں شروع ہوا تھا جس کے لیے اس وقت کی حکومت نے 2 سال کا عرصہ دیا تھا اور شائقین کرکٹ سے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کے میچز2021  میں دیکھ سکیں گے۔ تاہم اتنے برس گزر جانے کے بعد بھی تعمیراتی کام مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا۔

جہاں ایک طرف شائقین کرکٹ تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں وہیں اس کی بناوٹ پر بھی تنقید کی جارہی ہے کہ دنیا میں اس سے بہترین اسٹیڈیم بہت کم عرصے میں مکمل کر لیے گئے۔

ایک صارف نے پشاور اسٹیڈیم پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کیا پاکستان میں اب اچھے آرکیٹیکٹ موجود نہیں ہیں۔

طاہر مقبول نے پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا موازنہ امریکی شہر نیویارک میں ’نساؤ کاؤنٹی‘ کرکٹ اسٹیڈیم سے کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے 4 ماہ میں اسٹیڈیم تیار کرلیا اور ارباب نیازاسٹیڈیم پشاور کو ہم پچھلے 2 سال سے ایسا ہی دیکھ رہے ہیں۔

ایک ایکس صارف نے اسٹیڈیم کا نقشہ بنانے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی چھت کا ڈیزائن ایسا بنایا گیا ہے کہ بارش ہونے کی صورت تمام شائقئن بھیگ جائیں گے۔

طلحہ نامی صارف لکھتے ہیں کہ جس شخص نے اس اسٹیڈیم کے نقشے کی منظوری دی ہے وہ سزا کا مستحق ہے۔

اسامہ ظفر کہتے ہیں کہ اسکول کی سالانہ تقریبات کے پروگرام منعقد کرانے کے لیے یہ بہت اچھا اسٹیڈیم ہے۔

کئی صارفین کا کہنا تھا کہ اس اسٹیڈیم کی باؤنڈریز اتنی چھوٹی ہیں کہ سرفراز احمد اور بابر اعظم آسانی سے چھکے مار سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس اسٹیڈیم پر ابتدائی لاگت کا تخمینہ ڈیڑھ ارب روپے سے زیادہ لگایا گیا تھا لیکن بعد میں یہ لاگت 2 ارب تک پہنچ گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp