پروفیشنل خواتین کو کس قسم کے ملبوسات کا انتخاب کرنا چاہیے؟

منگل 9 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تعلیم، اسکلز، تجربہ، مثبت رویہ اور محنت کے ساتھ ساتھ آپ کا لباس بھی کامیابی کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔ لباس انسانی شخصیت اور اس کے ذوقِ جمال کا آئینہ ہوتا ہے۔ خاص طور پر خواتین میں پہننے اوڑھنے اور اظہار حسن کا غیر معمولی شوق پاپا جاتا ہے۔ جو اپنے لباس کے انتخاب میں مقامی رہن سہن، موسم، فیشن اور جمالیاتی ذوق کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر روز مختلف نظر آنا چاہتی ہیں۔

اور پھر خاص طور پر بات پروفیشنل خواتین کی ہو تو وہ اپنے لباس کو لے کر کافی کشمکش کا شکار رہتی ہیں کہ انہیں ایک پروفیشنل ماحول میں کس قسم کے لباس کا انتخاب کرنا چاہیے؟

یہ بھی پڑھیں آپ کی حفاظت ہماری ترجیح: معروف برینڈ کا کسٹمرز کو اپنے کپڑے نہ پہننے کا مشورہ

واضح رہے کہ ایک سروے کے مطابق خواتین ہر ہفتے میں ڈیڑھ گھنٹہ اس پریشانی میں گزارتی ہیں کہ انہیں گھر سے باہر نکلنے کے لیے کون سا لباس پہننا چاہیے۔

ان گھنٹوں کو شمار کیا جائے تو یہ سال کے 3 دن بنتے ہیں، جو ایک خاتون کی 18 سے 65 برس کی زندگی میں لگ بھگ 20 ہفتے کے برابر وقت ہے۔

45 فیصد ملازمت پیشہ خواتین کے مطابق دفتر جانے کے لیے مناسب لباس کی تلاش کا عمل ان کے لیے ہر روز کا درد سر ہے۔

اس حوالے سے وی نیوز نے چند پروفیشنل خواتین سے بات کی، اور ان سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ پروفیشنل خواتین کو کس قسم کے رنگوں اور لباس کا انتخاب کرنا چاہیے؟

یہ بھی پڑھیں خواتین کے استعمال شدہ برانڈڈ سوٹ اب مناسب قیمت پر دستیاب مگر۔۔۔!

’کپڑوں کا انتخاب ایسا ہوکہ وہ آپ کی شخصیت میں نکھار لائے‘

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وارڈ روب کنسلٹنٹ ثمن اسف کہتی ہیں کہ کسی بھی فرد کے لیے کپڑوں کے انتخاب کے دوران اپنی باڈی کو مدنظر رکھنا اہم ہے۔ ہر کسی کو حق ہے کہ وہ اپنی خواہش کے مطابق کپڑے پہنے، لیکن ان کپڑوں کا انتخاب ایسا ہونا چاہیے جو آپ کی شخصیت میں مزید نکھار لائے۔

انہوں نے کہاکہ موسم کے مطابق رنگوں کا انتخاب بہت اہمیت رکھتا ہے۔ ’اس وقت فیشن کے لحاظ سے چھوٹی اور لمبی قمیض دونوں کا فیشن ہے۔ اسی طرح فراکس بھی کافی زیادہ ٹرینڈ میں ہیں، لیکن میرے خیال میں وہ خواتین جن کا قد لمبا نہیں ہے یا وہ خواتین جن کا قد 5 فٹ 6 انچ سے لمبا ہے۔ ان دونوں طرح کی خواتین کو بہت زیادہ لمبی اور بہت زیادہ چھوٹی قمیض پہننے سے گریز کرنا چاہیے‘۔

انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ اس سے جن خواتین کا قد نارمل ہے وہ چھوٹی لگنے لگیں گی اور جو زیادہ لمبی ہیں وہ اور بھی زیادہ لمبی نظر آئیں گی، لہٰذا اس چیز کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پروفیشنل خواتین کو کپڑوں کی سلائی کے وقت اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ وہ تھوڑے ڈھیلے ڈھالے کپڑوں کا انتخاب کریں۔ اور آج کل ڈھیلے ڈھالے کپڑوں کا ویسے بھی فیشن ہے۔ جبکہ اس سے آپ خود بھی بہت کمفرٹ زون میں رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں آن لائن لوکل برانڈز خواتین میں کیوں مشہور ہو رہے ہیں؟

رنگوں کا انتخاب کیسے کریں؟

رنگوں کے انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گرمیوں میں ہلکے رنگوں کا انتخاب کرنا چاہیے، جبکہ آپ سردیوں میں ڈارک شیڈز پہن سکتے ہیں۔ مگر ڈارک کا ہرگز مطلب بھڑکیلے رنگ نہیں ہے۔

ایک مزید سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کوشش یہ کرنی چاہیے کہ بہت زیادہ پرنٹڈڈ اور ملٹی کلر کے کپڑوں سے اجتناب کیا جائے، کیونکہ اس طرح کے پرنٹس اور ملٹی رنگوں میں آپ کی اپنی شخصیت چھپ جاتی ہے اور صرف رنگ اور پرنٹ ہی ابھر کر سامنے آتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں ایک رنگ کے کپڑے اور چھوٹے پرنٹس آپ کی شخصیت کو نہ صرف نکھارتے ہیں بلکہ اس میں آپ زیادہ ماڈرن بھی لگتے ہیں۔

’کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے والی خواتین کیسا لباس پہنیں‘

’اگر ہم کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے والی خواتین کی بات کریں تو ان کے لیے سب سے اچھا ڈریس نارمل لمبائی کی قمیض کے ساتھ، سٹریٹ پاجاما یا پھر ٹراؤزر اور اس کے ساتھ بلیزر پہننا سب سے بہترین ڈریس ہے۔ یہ آپ کی شخصیت کو بہت ہی ماڈرن اور منفرد بنا دیتا ہے۔ اور اس شعبے کے لحاظ سے بالکل درست انتخاب ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ اگر ٹیچنگ کے شعبے کے حوالے سے کپڑوں کا انتخاب کرنا ہو تو ایسے میں آپ ہر قسم کا فیشن باآسانی کرسکتے ہیں لیکن اس کے ساتھ آپ رنگوں اور پرنٹس کے استعمال کو بہت سوچ سمجھ کر کریں۔ کیونکہ آپ ان بچوں کے لیے آئیڈیل ہوتے ہیں، لہٰذا ایک حدود میں رہتے ہوئے اچھے اور ماڈرن کپڑوں کا انتخاب کریں۔

یہ بھی پڑھیں آن لائن کاروبار کے فروغ میں خواتین کیسے اہم کردار ادا کر رہی ہیں؟

’اگر آپ ٹی وی پر کوئی پروگرام کرتی ہیں تو ظاہر ہے آپ کو ہر فیشن کے لحاظ سے چلنا ہوتا ہے۔ لیکن اس میں بھی آپ موسم کے اعتبار سے رنگوں کا انتخاب کریں۔ صرف کپڑے نہیں آپ کا ہیئر اسٹائل اور میک اپ بھی بہت زیادہ معنی رکھتا ہے‘۔

کاروبار سے منسلک خواتین کو کیسا لباس زیب تن کرنا چاہیے؟

ثمن اسف نے کہاکہ اگر آپ ایک بزنس ویمن ہیں تو ایسے میں آپ کے لیے سوٹ کا استعمال سب سے زیادہ بہترین ہے لیکن اس کے باوجود آپ خود سوٹس کو اپنی جسامت اور قد کے مطابق بنوا سکتے ہیں۔ یہاں پر بھی رنگوں کے استعمال کو مد نظر رکھنا نہایت اہم ہے۔

’ٹراؤزر اور بلیزر کے لیے تھوڑا ڈارک کلر کا انتخاب کریں جبکہ شرٹس کے لیے آپ ہلکے رنگ کی طرف جائیں۔ مگر خیال رہے کہ سوٹ میں لال پیلے رنگ آپ کی شخصیت کے لیے مناسب نہیں سمجھے جاتے۔ اور ہمیشہ سوٹ کے ساتھ چھوٹی ہیل کا انتخاب کریں، جبکہ ہئیر اسٹائل ایسا ہونا چاہیے جو آپ کو ماڈرن اور پروفیشنل دکھائے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp