عمران خان کے ساتھ باقی لیڈرشپ بھی بھوک ہڑتال کرے گی، ملک احمد خان بھچر

بدھ 10 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے اگر جیل میں بھوک ہڑتال کی تو پارٹی لیڈرشپ اڈیالہ جیل کے باہر بھوک ہڑتالی کمیپ لگا لے گی۔

وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی ملک احمد خان بھچرکا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نے جیل کے اندر بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تو پارٹی سمیت پورے پاکستان کے لوگ بھوک ہڑتال پر چلے جائیں گئے جس سے حکومت کو مسئلہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں فلور ملز کو بینکوں سے قرض لیکر گندم خریداری پر مجبور کیا جارہا ہے، احمد خان بھچر

انہوں نے کہا کہ ہم اڈیالہ جیل سیمت مختلف جگہوں پر بھوک ہڑتالی کمیپ لگائیں گے تاہم بھوک ہڑتال کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔

عمران خان اگر چاہیں تو ایک منٹ میں جیل سے باہر آسکتے ہیں

اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر طاقت ور حلقوں کی بات مان لیں تو ایک منٹ کے اندر جیل سے باہر آسکتے ہیں لیکن وہ جیل میں صرف اس وجہ سے ہیں کہ وہ طاقت ور لوگوں کی بات نہیں مان رہے اور ڈیل نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت تو چوکیدار بھی نہیں، یہ اپنی مرضی سے کسی ایس پی کا ٹرانسفر نہیں کر سکتی، اس حکومت کا کون سا مینڈیٹ ہے۔

’عثمان بزدار کی پارٹی میں واپسی پر غور نہیں ہوا‘

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ملک احمد خان بھچر  کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا تو پارٹی کے اندر کبھی تذکرہ ہی نہیں ہوا اور نہ ہی پارٹی میں واپسی کے حوالے سے ان کی طرف سے کوئی ایسا بیان آیا۔

فواد چوہدری اور دیگر کو پارٹی واپس لینے کے لیے تیار ہے؟

ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری سمیت تمام لیڈروں کو پارٹی میں واپس لینے کا فیصلہ عمران خان کریں گے، کسی اور کے کہنے سے نہ کچھ ہونا ہے اور نہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: عام انتخابات اگلے برس کے اواخر میں ہونگے، ملک احمد بھچر

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ کیس ٹو کیس دیکھوں گا پھر اس پر فیصلہ کروں گا، باقی فواد چوہدری کو بھی احتیاط سے کام لینا چاہیے وہ ہماری پارٹی کی سینیئر لیڈرشپ میں شمار ہوتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری، علی زیدی اور عمران اسماعیل سیمت کئی لوگوں کو واپس لینے کے حوالے سے پارٹی میٹنگز کے اندر بات چیت ہو رہی ہے، لوگ منفی اور مثبت دونوں طرح کی ہی رائے دے رہے ہیں مگر فیصلہ عمران خان کریں گے۔

’پرویز الٰہی پارٹی کے رابطے میں رہتے ہیں‘

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی ہمارے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں اور وہ ہمیں ہدایات وغیرہ بھی دیتے رہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب پرویز الٰہی جیل سے رہا ہوئے تھے تو ان سے ملاقات  ہوئی تھی، ان کی صحت کے کافی مسائل ہیں جس کی وجہ سے ابھی وہ سیاست میں فعال نہیں ہیں مگر جیسے ہی ان کی صحت بہتر ہوگی وہ ہمارے ساتھ ہر جگہ ہوں گے تاہم اب بھی وہ میٹنگز میں آرہے ہیں مگر ہمارا مشورہ ہے کہ وہ ابھی آرام کریں، مونس الٰہی بھی جلد واپس آجائیں گے۔

’جب تک ہمارے 11 ایم پی ایز بحال نہیں کیے جاتے پنجاب اسمبلی کا بائیکاٹ جاری رہے گا‘

ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ اسپیکر ملک احمد خان نے ہمارے ارکان کو معطل کرکے ہمارے ساتھ زیادتی کی ہے وہ اب اس عہدے کے قابل نہیں رہے انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

مزید پڑھیے: ملک احمد خان بھچر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

انہوں نے کہا کہ ایوان کے اندر احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے مگر چونکہ ہم نے احتجاج وزیر اعلیٰ کے سامنے کیا تو اسپیکر کو غصہ آگیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اپوزیشن چیمبر بند کر دیا گیا اور یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ اپوزیشن نے احتجاج کیا اور اسپیکر نے اپوزیشن کا چیمبر تک بند کر دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ہمارے ممبران کو بحال نہیں کیا جاتا ہم پنجاب اسمبلی میں نہیں جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp